ملتان.. پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر ہمیں جلسوں سے روکا گیا تھا۔ اب ملتان میں تاریخی جلسہ کروں گا۔ دیکھتے ہیں حکومت کیسے روکتی ہے۔ دورہ ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں بڑے پیمانے پر لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ پورے ملک میں کاروبار تباہ ہوگیا ۔لاکھوں مزدور فاقہ کشی کا شکار پرمجبور ہیں۔ کہا جا رہا ہے19 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔ اگر پیداوار اتنی زیادہ ہے تو پھر لوڈ شیڈنگ کیوں ہورہی ہے۔ حکومت غریبوں،مزدوروں اور کسانوں کی دشمن ہے۔پیپلزپارٹی کے دور میں جنوبی پنجاب کا کسان خوشحال تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کو گیس کا حصہ نہیں دیا جا رہا۔ ن لیگ کی پالیسیوں نے ہمیشہ وفاق کو نقصا ن پہنچایا۔دریں اثناءبلاول کے دورہ ملتان شاہ محمودکے قریبی ساتھی پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔ ملک حسن راں، سابق ایم پی اے ملک عباس راں اور ملک ارشد راں پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔ تینوں رہنماوں نے بلاول سے ملاقات میں پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سابق وزیر اعظم گیلانی اور مخدوم احمد محمود بھی موجود تھے۔