نئی دہلی۔۔۔۔وزیر خارجہ سشما سوراج عام لوگوں کی مدد کرکے بہت نام کما چکی ہیں اور اب ہرشخص مدد کیلئے انہیں ٹویٹ کرتا ہے۔وہ مدد کے طالب لوگوں کے ٹویٹ اور درخواستوں پر فوری جواب دیدیتی ہیں۔ٹویٹر پر ان کے فالوورز کی تعداد 80لاکھ سے زیادہ ہے تاہم بعض اوقات لوگ ان سے مذاق کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ایسا ہی واقعہ جمعرات کو پیش آیا جب ایک شخص نے انہیں ٹویٹ کیاکہ وہ مریخ پر پھنسا ہوا ہے اس کی مدد کی جائے۔مجھے 987دن پہلے جو کھانا بھیجا گیا تھا وہ ختم ہورہا ہے۔سشما سوراج نے بھی اسے بڑا دلچسپ جواب دیا کہ ہندوستانی سفارتخانہ ہر اس ہندوستانی کی مدد کریگا جو کسی بھی سیارے میں پھنسا ہوگا۔