لندن( نیوزڈیسک ) مغربی دنیا میں ایک عرصے سے یہ مقولہ گردش کرتا رہا ہے کہ شادی ہی خانہ آبادی ہے اس سے زندگی سدھر اور سنور جاتی ہے ۔ اس حوالے سے تازہ ترین سروے رپورٹ یہ ہے کہ شادی شدہ افراد مختلف امراض سے بھی محفوظ رہتے ہیں اور ہائی بلڈ پریشر ،کولیسٹرول اور ذیابیطس جیسی مہلک بیماریوں سے ان افراد کے ہلاک ہونے کے امکانات محدود ہو جاتے ہیں ۔ شادی شدہ افراد کے خوش و خرم رہنے کی بڑی وجہ یہ بھی بتائی جاتی ہے کہ شادی کے بعد ان کی بیگمات اپنے بیمار شوہروں کو وقت پر دوائیں لینے ، صحت بخش خوراک کھلانے اور ورزش کی ترغیب دینے پر اچھا خاص وقت صرف کرتی ہیں جس سے یقینی طور پر مرد کی زندگی زیادہ اچھی ہو جاتی ہے۔ یہ تحقیقی رپورٹ 2000ء سے 2013ء کے دوران تقریباً 10لاکھ ایسے افراد کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد مرتب کی گئی ہیں ۔ جن کی عمر 60سال کے لگ بھگ تھی ۔ تحقیقی رپورٹ کی نگرانی ڈاکٹر پال کارٹر نے کی اور اپنی تحقیقی رپورٹ مانچسٹر میں امراض قلب کی ایک کانفرنس میں پیش کی ۔