واشنگٹن/سڈنی... امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے حالیہ دورے کے موقع پر خطے کے ملکوں کے لیڈروں نے قطر کو دہشت گردی کے لئے رقوم مہیا کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔صدر ٹرمپ نے منگل کو قطر اور خلیجی ممالک کے درمیان حالیہ تنازع کے تناظر میں ٹوئٹ کیا کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان اور مسلم رہنماوں سے ملاقات کی تھی۔جب میں نے کہا کہ سخت گیر نظرئے کے لئے کوئی رقوم مہیا نہیں کی جائیں گی تو ان سب نے قطر کی جانب اشارہ کیا تھا۔ان لیڈروں نے کہا تھا کہ وہ انتہا پسندی کے لئے رقوم مہیا کرنے والوں کے بارے میں سخت موقف اختیار کریں گے۔شاید یہ ( قطر کو سفارتی تنہائی کا شکار کرنا) دہشت گردی کے خاتمے کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا۔صدر نے قطر کو الگ تھلگ کرنے کی کوششو ں کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ قطر انتہاپسندوں کو سرمایہ فراہم کررہا ہے۔اس نے امارات کی سفارتی ناکہ بندی کی حمایت کی۔ دریں اثناءوائٹ ہاوس نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خلیجی ممالک کے مابین کشیدگی کو کم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔منگل کو امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے سڈنی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ متاثر نہیں ہو گی۔ امریکہ نے اپنے خلیجی اتحادی ممالک پر اختلافات کو کم کرنے پر زور دیا ہے ۔