لندن...چیمپیئنز ٹرافی کا پہلا ڈے نائٹ میچ بارش کے باعث برابر ہونے پر بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ خوش ہیں تاہم آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ صورتحال پر مایوسی کاشکار ہیں انہیں ٹورنامنٹ سے آوٹ ہونے کے خطرات کا بھی سامنا ہے جس سے بچنے کے لئے انہیں میزبان انگلینڈ کو ہر صورت میں شکست دینا ہوگی۔میچ کے بعد مشرفی مرتضیٰ نے کہا کہ مجھے2015 کاورلڈ کپ یاد آگیا جس میں آسٹریلیا ہی کے خلاف میچ میں بارش کے باعث ملنے والا ایک پوائنٹ ہمیں دوسرے راونڈ تک پہنچانے میں مدد گار ثابت ہوا اب پھر کم بیش ایسی ہی صورتحال ہے اگر نیوزی لینڈ کو شکست دینے میں کامیاب ہو جائیں توہمارے لئے دوسرے راونڈ میں رسائی ممکن ہو جائے گی تاہم یہ فتح آسان نہیں ہوگی۔ اسٹیون اسمتھ نے کہا کہ میچ ہمارے ہاتھ میں تھا۔ ناکامی کا کوئی خطرہ بھی نظر نہیں آرہا تھا لیکن اس موسم کا کیا کیاجائے جس نے ہمارا راستہ روک لیا۔