عام انتخابات میں امیدواروں کی جانب سے الیکشن کمیشن میں پارٹی ٹکٹ جمع کروانے کا آخری روز ہے۔ کمیشن نے امیدواروں کو ٹکٹ جمع کروانے کے لیے رات 9 بجے تک کی مہلت دی ہے۔
بڑی سیاسی جماعتوں میں سے ن لیگ نے لاہور کے 14 حلقوں میں سے 12 میں اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں۔
مسلم لیگ ن نے حلقہ این اے 117 اور این اے 128 میں اپنے کسی امیدوار کو ٹکٹ جاری نہیں کیا۔ اطلاعات ہیں کہ یہ دونوں سیٹیں استحکام پاکستان پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے کھلی چھوڑی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں
-
ٹکٹوں کی تقسیم: ن لیگ کے نظرانداز اور نوازے جانے والے رہنماNode ID: 826686
شریف خاندان کے چار امیدوار لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقوں سے میدان میں اتریں گے۔ نواز شریف حلقہ این اے 130، شہباز شریف این اے 123، این اے 119 سے مریم نواز جبکہ حمزہ شہباز این اے 118 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں۔ نواز شریف کے علاوہ باقی تینوں پنجاب کے صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے بھی امیدوار ہیں۔
اسحاق ڈار کی جانب سے لاہور کے امیدواروں کی فہرست جمعے کی سہ پہر جاری کی گئی۔ فہرست کے مطابق سردار ایاز صادق اور روحیل اصغر کے درمیان کئی روز سے جاری تنازع بھی حل ہو گیا ہے۔ حلقہ این اے 120 سے سردار ایاز صادق اور این اے 121 سے روحیل اصغر کو ٹکٹ دے دیا گیا ہے۔
سردار ایاز صادق کو ٹکٹ دینے کے لیے سہیل شوکت بٹ کو صوبائی اسمبلی کے حلقے کی ٹکٹ دی گئی ہے اب وہ حلقہ این اے 120 سے امیدوار نہیں ہیں۔
مسلم لیگ ن لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر کو حلقہ این اے 126 سے ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ جبکہ عطا اللہ تارڑ کو این اے 127 سے ن لیگ کے امیدوار ہوں گے۔ حلقہ این اے 129 سے حافظ نعمان کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ خواجہ سعد رفیق حلقہ این اے 122 سے، رانا مبشر اقبال این اے 124 اور محمد افضل کو این اے 125 سے ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔
