Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
ہفتہ ، 14 جون ، 2025 | Saturday , June   14, 2025
ہفتہ ، 14 جون ، 2025 | Saturday , June   14, 2025

’سیف الیکشن‘ : پولنگ سٹیشنز کی نگرانی کے لیے خیبرپختونخوا پولیس کی موبائل ایپ تیار

خیبرپختونخوا پولیس نے ’ای پولیس پوسٹ ایپ‘ کے نام سے ایک اور موبائل ایپ بھی تیار کی ہے(فائل فوٹو: سکرین گریب)
خیبرپختونخوا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر محکمہ پولیس نے ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے عام انتخابات میں سکیورٹی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے موبائیل ایپلکیشن بنا لی ہے۔
’سیف الیکشن‘ کے نام سے ایپ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے تیار ہوئی۔
ایپ کو بنانے کا مقصد پولنگ کے دن پولیس کے لیے تمام انتظامات بالخصوص سکیورٹی پلان کو مؤثر اور محفوظ بنانا ہے۔
محکمہ پولیس آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نوید گل نے اردو نیوز کو بتایا کہ سیف الیکشن ایپ پولنگ کے دن کے لیے تیار کی گئی ہے جو صرف پولیس فورس کے زیرِ استعمال رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ’اس ایپ کی مدد سے پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر کی صورتحال سے لمحہ با لمحہ انفارمیشن شئیر ہوتی رہے گی جبکہ پولیس اہلکاروں کی تعیناتی اور لوکیشن سے متعلق بروقت معلومات موصول ہوں گی۔‘
ڈائریکٹر آئی ٹی نوید گل کے مطابق امن و امان کی صورتحال یا پھر ہنگامہ آرائی کی صورتحال میں اس ایپ کی مدد سے فورسز کی فوری تعیناتی کی جاسکے گی جبکہ حساس اور حساس ترین پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی کا جائزہ بھی اس ایپ کے ذریعے ممکن ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ موبائل ایپ کو موصول ہونے والا ڈیٹا سینٹرل پولیس کمانڈ کے ڈیش بورڈ سے مانیٹر کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی آئی ٹی عرفان طارق کا کہنا تھا کہ الیکشن ایپ کے ذریعے سکیورٹی پر مامور فورسز کی پولنگ سٹیشنز پر بروقت تعیناتی اور عملے کو درپیش مشکلات کے دوران بروقت آگاہی حاصل کرکے فوری اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جدید دور میں آئی ٹی کو استعمال میں لاتے ہوئے الیکشن کو پرامن ماحول میں یقینی بنانا ہے جبکہ اس ایپ سے پولیسنگ بھی مزید بہتر انداز سے ہو گی۔

ای پولیس پوسٹ ایپ

خیبرپختونخوا پولیس نے ’ای پولیس پوسٹ ایپ‘ کے نام سے ایک اور موبائل ایپ بھی تیار کی ہے۔ اس ایپ کی مدد میں سنیپ چیکنگ، سرچ آپریشن اور کریمینلز ریکارڈ موجود ہو گا جو پولیس افسران کے زیر استعمال ہو گا۔
ڈائریکٹر آئی ٹی نوید گل کے مطابق ای پولیس ایپ میں چوری کی گاڑیوں کا ڈیٹا بھی نوٹیفکیشن کی صورت میں پولیس تک پہنچایا جائے گا اور یہ سسٹم اپ ڈیٹ ہوتا رہے گا۔
انہوں نے بتایا ’دوسری جانب انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست بھی اسی ایپ میں موجود ہو گی تاکہ چیکنگ پوائنٹس پر تعینات پولیس اہلکاروں کو سنیپ چیکنگ میں مدد گار ثابت ہو سکے۔‘

شیئر: