Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
ہفتہ ، 14 جون ، 2025 | Saturday , June   14, 2025
ہفتہ ، 14 جون ، 2025 | Saturday , June   14, 2025

کفیل کیساتھ تنازع حل کرائینگے، وزارت محنت

غیر ملکی کارکن وطن جانے کیلئے درخواست وزارت محنت کے کسی بھی ذیلی ادارے میں جمع کرائے، کفیل سے رابطہ کرکے کارروائی کی جائیگی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) " غیر قانونی تارکین سے خالی وطن" کے عنوان سے مہم تیزی سے جاری ہے ۔ 90 روزہ مہم کے اختتام میں 21 دن باقی رہ گئے ہیں ۔ اس ضمن میں محکمہ پاسپورٹ،لیبر آفس اور امن عامہ کے ادارے کے تعاون سے معاملات کو مزید آسان بنانے کےلئے بہتر طریقہ کار متعارف کروائے جارہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں غیر قا نونی تارکین وطن اس مہم سے مستفیض ہوسکیں ۔ متعلقہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیا ن میں کہا گیا ہے کہ ایسے تارکین وطن جو قانونی طور پر مملکت میں مقیم ہیں ۔انکے پاس کارآمد اقامہ بھی ہے ( گھریلو اور دیگر ملازمین ) اور وہ اپنے وطن جانے کے خواہشمند ہیں مگر کفیل سے تنازع کی وجہ سے انکا فائنل ایگزٹ نہیں لگایا جارہا۔ ایسے تارکین کی سہولت کےلئے متعلقہ کمیٹی نے مزید بہتر طریقہ کار وضع کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی کارکن وطن جانے کےلئے درخواست وزارت محنت کے کسی بھی ذیلی ادارے میں جمع کروائے جس کے بعد متعلقہ اہلکار درخواست کا جائزہ لیکر کارکن کے کفیل سے رابطہ کرکے اس سے معلومات حاصل کر نے کے بعد 5 دن کے اندر اپنی رپورٹ تیار کرے گا جس کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی ۔اگر کفیل اپنے کارکن کا فائنل ایگزٹ لگانے سے منع کر دے تو کیس تیار کر کے متعلقہ لیبر کورٹ کو ارسال کیا جائے گا جہاں کیس کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے فوری کارروائی کی جائے گی ۔ کفیل کی جانب سے کارکن کو فائنل ایگزٹ دینے پر رضامند ی کی صورت میں متعلقہ کمیٹی کارکن کو مطلع کرےگی اور ساتھ ہی محکمہ پاسپورٹ کو تحریری طور پر کارکن کا خروج نہائی لگانے کی ہدایت کی جائیگی ۔ کفیل کی رضامندی تحریری طور پر حاصل کی جائیگی۔ 
 

شیئر: