دبئی: اسکول لیول پر ہاکی کو فروغ دیا جائے ، اختر رسول
کھیل کو سیاست سے دور رکھا جائے، منظور جونیئر کے ساتھ صحافیوں سے خطاب
دبئی( عمران خان یوسفزئی)پاکستان ہاکی کی بہتری کیلئے سابقہ سینئر کھلاڑیوں کو اپنی ناراضگیاں بھول کر آگے آنا ہوگا۔ جب تک اسکول لیول پر ہاکی کو فروغ نہیں دیا جائے گا اسوقت تک ہاکی کی ترقی ممکن نہیں۔پنجاب حکومت کی طرح تمام صوبائی حکومتوں کو ٹیلنٹ ہنٹ جیسے پروگرام شروع کرنے چاہئیں۔ یو اے ای میں ہاکی کو فروغ دینے میں پاکستانیوں کی خدمات قابل ستائش ہیں جس کو یہاں کی حکومت بھی مانتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار ہاکی کے بے تاج بادشاہ اختر رسول اور منظور جونیئر نے دبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر اختر رسول کا کہنا تھاکہ ہمیشہ اسپورٹس کی بہتری کی بات کی کیونکہ آج اگر کسی بھی مقام پر ہوں تو وہ اپنے کھیل کے باعث ہوں۔ اس لئے کھیل کو سیاست سے دور رکھ کر بات کرنی چاہئے۔ پاکستان میں ہاکی کے شعبے میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر منظور جونیئر کا کہنا تھا کہ یو اے ای میں ہاکی کوفروغ دیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں ایک ٹیم کے کوچنگ کے فرائض بھی نبھائے اور وہ ٹیم تیسرے نمبر پر آئی جو قابل فخر بات ہے۔ پاکستان میں ہاکی اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک عالمی معیار کے ہاکی گراؤنڈ پر کھلاڑی پریکٹس نہیں کرتے۔ کانفرنس کے اختتام پر اختر رسول کی جانب سے منظور جونیئر کو انکی یادگار تصویر کے ساتھ ساتھ دونوں کھلاڑیوں کو یو اے ای ہاکی ٹیم کے کٹ پیش کی گئی۔