وادی الدواسر.... 8سالہ بچے نے وادی الدواسر کمشنری میں انتہائی کمسن رضا کار کا درجہ حاصل کرلیا۔ اس نے ماہ مبارک کے ابتدائی ایام کے دوران ریاض جانے والی شاہراہ کے مسافروں کو غروب آفتاب سے قبل افطار پیکٹ تقسیم کرکے گاڑیوں کے مالکان کے دل جیت لئے۔ یوسف آل مسعود معصوم مسکراہٹ کے ساتھ افطار پیکٹ تقسیم کرکے روزہ داروں کی دعائیں سمیٹ رہاہے۔ النویعمہ فلاحی انجمن کے تعاون سے یوسف خوراک پیکٹ تقسیم کررہا ہے۔ انجمن کے سربراہ سعد الصافی کا کہناہے کہ شروع میں انہیں جھجھک محسوس ہورہی تھی کہ یوسف کو شاہراہ پر خوراک پیکٹ تقسیم کرنے کی اجازت نہ دی جائے تاہم خود یوسف کے اصرار اور اسکے والد کی رغبت کے سامنے ہم لوگوں نے سپر ڈال دی اور وہ صحیح معنوں میں رضاکارانہ عمل کا ننھا سفیر ثابت ہوا۔