Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعہ ، 12 ستمبر ، 2025 | Friday , September   12, 2025
جمعہ ، 12 ستمبر ، 2025 | Friday , September   12, 2025

مہلت سے345 ہزار نے استفادہ کیا، جنرل الحویفی

مقررہ 3 ماہ کی مہلت 25 جون کو ختم ہوجائے گی جس کے بعد غیر قانونی تارکین کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن شروع کیا جائیگا، سخت چارہ جوئی کی جائیگی
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) جوازات کے ڈپٹی ڈائریکٹر میجر جنرل ضیف اللہ الحویفی نے کہا ہے کہ گزشتہ 2 ماہ میں غیر قانونی تارکین کے خلاف چلائی جانے والی مہم سے 3 لاکھ 45 ہزار افراد استفادہ کرچکے ہیں ۔ڈائریکٹریٹ جنرل جوازات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے جنرل الحویفی کا کہنا تھا کہ ولی عہد مملکت اور وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف بن عبدالعزیز کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل جوازات میجر جنرل سلیمان الیحیی نے غیر قانونی تارکین کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس مہلت سے استفادہ کرسکیں ۔ وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مملکت کے تمام شہروں میں محکمہ جوازات کے ذمہ داروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی تارکین جو مہلت کے دوران وطن جانے کے خواہشمند ہیں انہیں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے ۔ اس حوالے سے جوازات کے تمام ذیلی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مملکت کے تمام شہروں میں جہاں بھی غیر قانونی تارکین مقیم ہیں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرتے ہوئے انکے فائنل ایگزٹ کے معاملے کو جلد از جلد نمٹائیں ۔ جنرل الحویفی نے مزید کہا کہ جوازات کے تمام ریجنل اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ تارکین وطن کو کسی قسم کی مشکل میں مبتلا نہ کریں اور جس شہر کے ادارے سے غیر ملکی افراد رجوع کریں انکے معاملے کو فوری طور پر نمٹا کر ان کا فائنل ایگزٹ ( خروج نہائی ) اسٹمپ کریں تاکہ مہلت کے دوران زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگ مستفیض ہو سکیں ۔ مہلت کے دوران جوازات کے تمام ادارے ماہ رمضان المبارک میں روزانہ 2 وقت صبح اور شام کوکام کرتے ہیں ۔ جنرل الحویفی نے مزید کہا کہ 90 روزہ مہلت کے دن تیزی سے ختم ہو رہے ہیں ۔ مقررہ 3 ماہ کی مہلت 25 جون کو ختم ہوجائے گی جس کے بعد غیر قانونی تارکین کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاﺅن شروع کیا جائے گا ۔ واضح رہے غیر قانونی تارکین وطن کو دی جانے والی 90 روزہ مہلت ختم ہونے میں صرف 22 دن رہ گئے ہیں جس کے بعد وہ افراد جو عمرہ ، حج ، وزٹ یا ٹرانزٹ ویزے پر آکر مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم ہو گئے ہو ںان کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی ۔ غیر قانونی تارکین کو روزگار اور رہائش فراہم کرنے والے بھی قانون شکنی کے مرتکب ہونگے ۔ 
 

شیئر: