ریاض..... سعودی عرب میںغیر قانونی تارکین کو غیر کار آمد( ایکسپائر ڈ)پاسپورٹ پر سفر کی اجازت دیدی گئی ۔محکمہ شہری ہوابازی نے سعودی ہوائی اڈوں پر کام کرنے والی تمام فضائی کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ایکسپائرڈ پاسپورٹ پر غیر قانونی تارکین کو سفر کرنے میں سہولت فراہم کریں۔ یہ سہولت ان تارکین وطن کو دی جائے جو ریزرویشن اور ٹکٹ لیکر ایئرپورٹ پہنچیں۔مکہ اخبار نے رپورٹ میںواضح کیا کہ محکمہ شہری ہوابازی نے ہدایت محکمہ پاسپورٹ کی تحریری اطلاع پر جاری کی ہے۔ جوازات نے تحریر کیا تھا کہ 90روزہ شاہی مہلت سے استفادے کی راہ میں پاسپورٹ کا ایکسپائرڈ ہونا سرفہرست ہے۔ بہت سارے تارکین صرف اس وجہ سے مہلت سے فائدہ نہیں اٹھا پارہے ہیںکیونکہ انکے پاسپورٹ ایکسپائرڈ ہوچکے ہیں۔ مہلت کی مدت کم سے کم ہوتی چلی جارہی ہے۔یاد رہے کہ محکمہ امن عامہ نے اقامہ و محنت کی خلاف ورزی کرنے والوںکی رپورٹ کرنے والے کیلئے 50ہزار ریال انعام کا بھی اعلان کررکھا ہے جس سے غیر قانونی تارکین کے حلقوں میں کافی کھلبلی مچی ہوئی ہے۔