جماعت اسلامی نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ، بیرون ملک مقیم پاکبان قیمتی سرمایہ ہیں انہیں ووٹ کا حق دلانے کےلئے بھر پور کوشش کریںگے ، نائب امیر جماعت اسلامی
جدہ (ارسلان ہاشمی ) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فرید پراچہ نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں آئی جے آئی طرز کا کوئی اتحاد نہیں ہ سکتا البتہ دینی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔مختلف جماعتوں سے سیٹ ایڈجسمنٹ کی جائے گی ۔جدہ میں سماجی رابطہ کمیٹی کی جانب سے منعقد ہ افطار پارٹی میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہو ںنے مزید کہا کہ 2018 کے انتخابات میں جماعت اسلامی قدرے بہتر پوزیشن میں ہو گی ۔ میں یہ تو نہیں کہتا کہ جماعت واضح اکثریت سے سامنے آئے گی تاہم یہ ضرور کہوں گا کہ عوام کا رجحان تبدیل ہو رہا ہے اور لوگ اب جماعت اسلامی کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد ہمارے ساتھ شامل ہے ۔ جماعت کی پالیسیاں واضح ہیں ہم ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے روز اول سے ہی کام کر رہے ہیں کیونکہ کرپشن کا عفریت کسی بھی ملک و قوم کو تباہ و برباد کر دیتا ہے ۔ فرید پراچہ نے مزید کہا بیرو ن ملک مقیم ہم وطن قیمتی سرمایہ ہیں انہیں ووٹ دلانے کےلئے جماعت اسلامی بھر پور کوشش کرے گی ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی اعلی عہدوں پر اہم ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں ایسے میں انہیں بھی ووٹ کا حق ملنا چاہئے ہماری کوشش ہو گی کہ آئندہ آل پارٹیز کانفرنس میں اس موضوع کو پیش کیا جائے تاکہ تارکین وطن کو انکا حق مل سکے ۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے ہم نے اگر کہیں کسی جماعت سے اتحاد بھی کیا ہے تو وہ بھی اصولوں کی بنیاد پر جہاں غیر اصولی بات ہوتی ہے وہاں ہم برملا اختلاف بھی کرتے ہیں ۔ کشمیر کے حوالے سے ڈاکٹر فرید پراچہ کا کہنا تھا کہ کشمیر پر واضح اور دو ٹوک پالیسی ہونی چاہئے اس میں کسی ابہام کی گنجائش نہ رکھی جائے ۔ ماضی میں کشمیر تنازع پر بہتر انداز میں کام کیا گیا ۔ موجودہ کشمیر کمیٹی عالمی سطح پر معاملے کو بہتر انداز میں پیش کرے ۔ ہندوستان ایک جاسوس کا معاملہ عالمی عدالت میں لے جاسکتا ہے تو پاکستان تنازع کشمیر کو کیوں نہیں لے جاتا ۔ میزبان تقریب انجیئنر الطاف نے مہمان خصوصی اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا جبکہ مولانا حبیب الرحمان نے خصوصی دعا کروائی ۔