مکہ مکرمہ ..... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے مشیر اور گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے رمضان المبارک کے دوران مسعیٰ کی تمام منازل معتمرین کےلئے مخصوص کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔ گورنر مکہ مکرمہ کا کہنا ہے کہ ماہ مبارک میں دنیا بھر سے آنے والے معتمرین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ حرم مکی شریف میں سعی و صفا کے راستے میں نوافل ادا نہ کئے جائیں بلکہ یہ مقام صرف عمرہ کرنے والوں کےلئے مخصوص رکھا جائے تاکہ معتمرین آرام سے سعی و صفا کر سکیں اور انہیں اس دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔اس ضمن میں ادارہ امور حرمین کے نگران اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس اور نائب نگران ادارہ امور حرمین شیخ ڈاکٹر محمد بن ناصر الخزیم کا کہنا ہے کہ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل جومرکزی حج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں کے پیش نظر معتمرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے اس ضمن میں گورنر مکہ مکرمہ ہمیشہ تمام امور کی بذات خود نگرانی کرتے ہیں اور براہ راست احکامات صادر کرتے ہیں ۔ مسعی میں نوافل اور تراویح کی ادائیگی کے سبب معتمرین کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا جس کی وجہ سے مسعی میں غیر معمولی ازدحام ہوجاتا ہے ۔ گورنر مکہ مکرمہ کی جانب سے صادر ہونے والے احکامات پر فوری طور پر عمل درآمد کردیا گیا ہے تاکہ معتمرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔ امور حرمین کے ادارے کی جانب سے متعین اہلکاروں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ مسعی میں نوافل اور تراویح کی نماز ادا کرنے والوں کو منع کریں اور انہیں مسجد کے بیرونی صحنوں کی جانب بھیجیں تاکہ مسعی میں نمازیوں کی وجہ سے سعی کرنے والوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ آرام سے عمرہ مکمل کر سکیں ۔ حرم مکی شریف کی انتظامیہ کا کہناہے کہ مسعیٰ کی 5منزلیں ہیں جہاں معتمرین کےلئے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی گئی ہیںجبکہ ان منزلوں پر ائیر کنڈیشننگ کا سسٹم بھی بہتر طور پر نصب ہے علاوہ ازیں ہر تھوڑے فاصلے پر آب زم زم کے کولر اور گلاس فراہم کئے گئے ہیں تاکہ معتمرین پیاس کی حالت میں ان سے مستفیض ہو سکیں ۔علاوہ ازیں مخصوص افراد کےلئے جو وہیل چئیر پر عمرہ ادا کرتے ہیں کےلئے ٹریک مختص ہیں تاکہ دیگر افراد کو دشواری نہ ہو ۔ واضح رہے امسال حرم مکی الشریف میں ماہ رمضان کے آغاز سے ہی معتمرین کی سہولت کےلئے مطاف میں بھی نوافل اداکرنے پر سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ طواف کے دوران ازدحام نہ ہو اب یہ پابندی مسعی میں بھی کردی گئی ہے جس سے معتمرین کو کوکافی سہولت ہو گی اور وہ آرام سے عمرہ اداکر سکیں گے ۔