ولی عہد کی زیرنگرانی’ہیومن کیپبلٹی انشیٹو‘
عالمی سطح کی کانفرنس 28 فروری 2024 کو ہوگی (فوٹو، ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں 28 اور 29 فروری 2024 کو ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ’ہیومن کیپبلٹی انشیٹو ‘ (انسانی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کے لیے) ایڈیشن ون ہوگی۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق کانفرنس کا سلوگن ’مستقبل کی تیاری‘ ہے۔
کانفرنس میں 50 ممالک کے چھ ہزار سے زیادہ ماہرین اور 150 عالمی شخصیات خطاب کریں گی۔
کانفرنس کے شرکا انسانی صلاحتیوں کے فروغ میں تعاون کے پہلوؤں کو اجاگرکریں گے۔ بین الاقوامی شخصیات کی کامیابی کے واقعات کا جائزہ پیش کیا جائے گا اور اس حوالے سے اپنی زندگی کے بہترین تجربات سامنے لائیں گے۔
سعودی وزیر تعلیم یوسف البنیان نے جو فروغ افرادی قوت پروگرام کی ورکنگ کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں نے کہا کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہو گی اس کی حیثیت انٹرنیشنل کوآپریٹو پورٹل جیسی ہوگی۔
کانفرنس کا مقصد بین الاقوامی مکالمے کو نئے افکار و خیالات سے مالامال کرنا اور بین اقوامی کوششوں میں یکسانیت پیدا کرنا ہے۔