مکہ مکرمہ- - - - وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ امسال داخلی عازمین کو مفت حج کرانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ اس حوالے سے پھیلائی جانے والی باتیں سراسر افواہ ہیں، ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ وضاحت سوشل میڈ یا پر وائرل اس وڈیو کلپ کے جواب میں جاری کی گئی جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ داخلی عازمین کو مفت حج کرایا جائے گا۔ وزارت کے ذرائع نے بتایا کہ اصل بات یہ ہے کہ جو لوگ بیرون ممالک سے پہلی مرتبہ حج یا عمرہ پر آئیں گے انہیں حج و عمرہ ویزا مفت دیا جائے گا۔ اس سے زیادہ جو کچھ بھی دعویٰ کیا جارہا ہے وہ خود ساختہ ہے۔ حج و عمرہ آگہی پروگرام کے انچارج خالد العوفی نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر گشت کرنے والی وڈیو کلپ غلط ہے ۔ سعودی کابینہ نے 8 شعبان 1437 ھ کو اعلان کیا تھا کہ حج یا عمرہ پر پہلی مرتبہ آنے والوں کے ویزوں کی فیس سرکاری خزانے سے ادا کی جائے گی۔ اس قراداد پر یکم محرم 1438ھ سے عمل درآمد کردیاگیا۔ جہاں تک داخلی عازمین کا تعلق ہے تو وہ کسی بھی وقت کسی بھی فیس کے بغیر عمرہ کرسکتے ہیں ، ان سے ماضی میں فیس لی گئی نہ آئندہ لی جائے گی۔ داخلی عازمین گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی آن لائن رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔