مکہ مکرمہ - - - - - وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ معتمرین وبائی امراض سے پاک ہیں ۔ صحت تسلی بخش ہے ۔ ارض مقدس آنیوالے معتمرین کو امرض سے بچائو، علاج اور ابتدائی طبی امداد بر وقت مہیا کی جا رہی ہے ۔ مکہ مکرمہ میں ابتدائی صحت نگہداشت کے مراکز اسپتال اور حرم شریف کے ہیلتھ سینٹرز 24گھنٹے معتمرین کی خدمات پر معمور ہیں ۔ کنگ عبدالعزیز ، حراء جنرل ، النور ا سپیشلسٹ اور زچہ بچہ اسپتال مکہ مکرمہ میں مکمل گنجائش کے ساتھ 24گھنٹے کام کر رہے ہیں ۔ او پی ڈی سے 229معتمرین نے رجوع کیا جبکہ 93کو اسپتالوں میں رکھ کر علاج کر کے فارغ کر دیا گیا۔ اجیاد ایمرجنسی اسپتال میں انتہائی نگہداشت کا شعبہ 12بستروں کے ساتھ کام کر رہا ہے دوسری جانب مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے حکام نے اطمینان دلایا ہے کہ آج رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کے زائرین اور معتمرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھ کر تمام ممکنہ خطرات سے بچائو کے انتظامات کر لئے گئے ہیں ۔ محکمہ شہری دفاع ، محکمہ ٹریفک اور امن عامہ کے اداروں نے ایک دوسرے کے ساتھ تال میل پیدا کر کے تسلی بخش انتظامات کئے ہیں ۔