اسلام آباد..وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز سے جمعرات کو پانامہ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے سا ڑھے 6 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسین نواز نے کہا کہ ہر طرح کے احتساب کیلئے تیار ہیں۔ تمام دستاویزات جمع کرا چکے ۔ حسن نواز سمیت جسے بھی بلایا گیاوہ پیش ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ پوچھ گچھ کے دوران تمام سوا لات کے جواب دیئے۔ اب جے آئی ٹی کے ارکان ان جوابات سے کتنے مطمئن ہوئے اس کا وہی بتاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام معاملات قانون کے مطابق چلائے گئے اور منصفانہ رویہ اپنایا گیا تو ٹھیک ہے لیکن تعصب کا مظاہرہ کیا گیا تو پھر معاملہ سپریم کورٹ، عوام اور میڈیا کے سامنے آئے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، میرے یا کسی بہن بھائی کے خلاف کسی بے ضابطگی اور جرم کا کوئی ثبوت ہی نہیں تو پھر وہ سامنے بھی نہیں آئے گا۔دریں اثناءجے آئی ٹی میں پیشی سے قبل میڈیاسے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں کہ کس چیز کی پوچھ گچھ ہورہی ہے۔ اس دوران وکیل کی اجازت بھی نہیں ہوتی۔ سیاست دان ہمیشہ جواب دیتے آئے ہیں اور ہم جواب دے رہے ہیں۔ قانون کی پاسداری کریں گے۔ جے آئی ٹی جتنی مرتبہ بلائے گی آئیں گے۔