غزہ میں خدمات انجام دینے والے دو فلپائنی ڈاکٹر مصر منتقل
غزہ میں خدمات انجام دینے والے دو فلپائنی ڈاکٹر مصر منتقل
جمعرات 2 نومبر 2023 18:13
دونوں ڈاکٹروں سمیت 500 غیرملکیوں کو مصر میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ فوٹو عرب نیوز
فلپائن کے محکمہ خارجہ نے بتایا ہے کہ غزہ میں موجود دو فلپائنی ڈاکٹروں کو مصر کے ساتھ رفح کراسنگ کے راستے نکال لیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بین الاقوامی امدادی گروپ برائے میڈیسن سانز فرنٹیئرز (ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز) کے ڈاکٹر ڈارون ڈیلا کروز اور ریگڈور ایسگویرا غزہ میں ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔
دونوں ڈاکٹر 136 فلپائنی اور سینکڑوں دیگر غیر ملکی شہریوں میں شامل تھے جب اسرائیل نے غزہ کے گنجان آباد رہائشی علاقوں پر روزانہ بمباری شروع کی تھی۔
بدھ کو ان دونوں ڈاکٹروں سمیت تقریباً 500 ایسے غیرملکیوں کو مصر میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی جن کے پاس پاسپورٹ موجود تھے۔
فلپائنی خارجہ امور کے انڈر سیکریٹری ایڈورڈو ڈی ویگا نے بتایا کہ کسی دوسرے فلپائنی شہری کو اب تک سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں دی گئی لیکن ہم اس سلسلے میں سفارتی نمائندگی کر رہے ہیں۔
دونوں ڈاکٹرز تاحال غزہ سے رفح کراسنگ کے قریب واقع شہر اریحہ میں ہیں جہاں سے وہ اپنی نئی تعیناتی کے لیے قاہرہ روانہ ہو جائیں گے۔
غزہ میں کئی فلپائنیوں نے فلسطینیوں سے شادیاں کر رکھی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
ایڈورڈو ڈی ویگا نے بتایا ہے کہ دونوں ڈاکٹرز مصر سے اپنے اہل خانہ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز کی جانب سے اپنی نئی تعیناتی کا انتظار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں زیادہ تر وہ فلپائنی شہری ہیں جو بیرون ملک کام کرنے والوں میں شامل ہیں اور دیگر نے فلسطینیوں سے شادیاں کر رکھی ہیں۔
فلپائنی حکام کے پاس انخلاء کے منتظر افراد کی فہرست موجود ہے لیکن یہ نہیں معلوم کہ یہ کب ممکن ہو گا۔
دونوں ڈاکٹرز غزہ سے رفح کراسنگ کے قریبی شہر اریحہ میں ہیں۔ فوٹو ایکس
فلپائن کے محکمہ خارجہ نے جمعرات کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ غزہ بدستور مکمل ناکہ بندی جاری ہے اور غیر ملکیوں یا کسی قسم کے سامان کی منتقلی میں رکاوٹ برقرار ہے۔
اسرائیل نے غزہ سے غیر ملکیوں کی راہداری اور ضروری خوراک کے علاوہ طبی امداد کی نقل و حمل پر پابندی لگا رکھی ہے۔