Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

اسرائیل کی غزہ پر زمینی حملے کی تیاری، امریکی صدر کا پُرامن راستہ اپنانے پر زور

امریکی صدر جو بائیڈن نے دو ریاستی حل پر زور دیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ پر زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کی تازہ شیلنگ سے بدھ کو مزید عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد اسرائیل پر عالمی دباؤ بڑھا ہے کہ وہ غزہ میں امدادی سامان بھجوائے اور حماس کی جانب سے یرغمال بنائے جانے والے افراد کو بچانے کے لیے اقدامات کرے۔
 امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل اور حماس کے درمیان سات اکتوبر سے شروع ہونے والی لڑائی کے حوالے سے کہا ہے کہ ’مستقبل میں اس معاملے کے لیے دو ریاستی حل بھی شامل ہونا چاہیے۔‘
واشنگٹن میں آسٹریلوی وزیراعظم انتونی البانیز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر نے مزید کہا کہ ’اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کو ایک ساتھ تحفظ، امن اور عزت سے رہنے کا حق ہے۔‘
حماس کے زیرانتظام غزہ کی پٹی میں کام کرنے والی وزرات صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے جوابی حملوں میں اب تک ساڑھے چھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ’ہم پہلے ہی ہزاروں دہشت گرد مار چکے ہیں اور یہ صرف آغاز ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

روئٹرز آزادانہ طور پر ان اعداد و شمار کی تصدیق نہیں کر سکا۔
جو بائیڈن نے ان اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کا اندازہ نہیں کہ فلسطینی ہلاکتوں کے حوالے سے درست کہہ رہے ہیں، تاہم یہ یقین ہے کہ بے گناہ لوگ مارے گئے ہیں اور یہ جنگ چھیڑنے کی قیمت ہے۔‘
دوسری جانب یروشلم میں ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک بیان میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ مزید کارروائی کے حوالے سے فیصلہ حکومت کی ’وار کیبنٹ‘ کرے گی تاہم انہوں نے آپریشن کے حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
’ہم پہلے ہی ہزاروں کی تعداد میں دہشت گردوں کو مار چکے ہیں اور یہ صرف آغاز ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم زمینی کارروائی کی تیاری بھی کر رہے ہیں، میں یہ نہیں بتاؤں گا کہ یہ کب ہو گی یا کتنے حملے ہوں گے۔‘

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک ساڑھے چھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اسرائیلی ٹینک اور افواج غزہ کی سرحد پر پہنچ چکی ہیں اور احکامات کا انتظار کر رہی ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے تین لاکھ 60 ہزار فوجیوں کو وہاں منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل پر عالمی برادری کی جانب سے دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے کہ وہ یرغمالیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کرے۔
اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ حماس کی جانب سے 220 سے زائد افراد کو یرغمال بنایا گیا ہے جن میں 25 مختلف ممالک کے لوگ شامل ہیں۔
وال سٹریٹ جنرل نے امریکی اور اسرائیلی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر حملہ وقتی طور پر ملتوی کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاکہ امریکہ فوری طور پر میزائل ڈیفنس سسٹم اس علاقے میں بھیج سکے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ غزہ جنگ کے مشرق وسطٰی تک پھیلنے کے خدشات ہیں۔

شیئر: