پوٹین سے شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات
ماسکو.... نائب ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو ماسکو میں روسی صدر ولادمیر پوٹین سے ملاقات کی۔ سعودی عرب اور روس کے درمیان تعاون کے رشتے مضبوط بنانے کے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ روسی صدر نے ملاقات کے آغاز پر شہزادہ محمد بن سلمان کو خادم حرمین شریفین کیلئے خیر سگالی کا پیغام حوالے کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان کے دورہ روس کے منتظر ہیں۔ دونوں رہنماﺅں نے پٹرول معاہدے پر روس اور سعودی عرب کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ سعودی عرب نے تیل پیداوار میں کمی کے معاہدے کی قیادت کی تھی۔ اوپیک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تنظیم سے باہر پٹرول پیدا کرنے والے ممالک خصوصاً روس کےساتھ معاملات طے پائے۔ روسی صدر اور شہزادہ محمد بن سلمان نے پٹرو کیمیکل مصنوعات کے شعبے میں دونوں ملکوںکے درمیان تعاون کے پروگرام کا جائزہ لیا۔ فریقین نے دہشتگردی، دہشتگرد تنظیموں اور وسطی ایشیا میں انتہا پسندانہ افکار کے انسداد کے لئے مل جل کر جدوجہد کرنے اور شراکت پر تبادلہ خیال کیا۔ متعدد علاقائی مسائل پر دونوں ملکوں میں اتفاق رائے ہوا۔ دونوں نے شامی بحران کے حوالے سے پرامید ہونے کا اظہار کیا۔مملکت کی جانب سے وزیر خارجہ عادل الجبیر، وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیر توانا ئی و صنعت و معدنیات انجینیئر خالد الفالح، سربراہ محکمہ خفیہ خالد الحمیدان اور دیگر عہدیدار شریک ہوئے جبکہ روس کی طرف سے وزرائے خارجہ، و دفاع و توانائی و معاون صدر برائے سیاسی امور اور کئی عہدیدار موجود تھے۔ نائب ولی عہد کا یہ دورہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی ہدایت پر عمل میں آیا۔ شہزادہ محمدبن سلمان نے بتایا کہ روسی صدر کے ساتھ انکے مذاکرات نے کافی کچھ حاصل کیا۔ ہم نے مل جل کر بہت کچھ پایا اور ہمارے سامنے کافی کچھ کرنے کیلئے ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تیل منڈی میں استحکام کے حوالے سے دونوں ملکوںکے موقف میں کوئی تضاد نہیں۔ روسی صدر نے کہا کہ روس سعودی تعلقات عظیم کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔تیل پیدا کرنے والے ممالک اور اوپیک کے درمیان تعاون کے حوالے سے سعودی عرب کے کردار پر ممنون ہیں۔