آئی سی سی اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات کرے: فلسطینی سفیر
آئی سی سی اسرائیل کے جنگی جرائم کی تحقیقات کرے: فلسطینی سفیر
منگل 17 اکتوبر 2023 19:21
حسام زملط نے اسرائیل کی جانب سے سفید فاسفورس کے مبینہ استعمال اور ’غیر متناسب، مہلک‘ بمباری کو جنگی جرم قرار دیا۔ (فوٹو: روئٹرز)
فلسطین کے سفیر برائے برطانیہ نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرائم کورٹ (آئی سی سی) لازمی طور پر اسرائیل کی جانب سے غزہ کے محاصرے کی تحقیقات کرے۔
عرب نیوز کے مطابق منگل کو لندن میں ایک پریس کانفرنس میں حسام زملط نے کہا کہ اسرائیل 20 لاکھ رہائشیوں کی پٹی غزہ پر 10 روز سے جاری بمباری کے دوران جنگی جرائم کا مرتکب ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے فضائی حملوں میں والی میڈیکل اور ریسکیو ٹیموں کو ہلاک کیا ہے۔ یہ ٹیمیں شہریوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی تھیں۔
حسام زملط نے اسرائیل کی جانب سے سفید فاسفورس کے مبینہ استعمال اور ’غیر متناسب، مہلک‘ بمباری کو جنگی جرم قرار دیا۔
فلسطینی سفیر نے آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کریم خان سے مطالبہ کیا کہ ’وہ فوری طور پر اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا کام سنبھالیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ ہر پانچ منٹ میں ایک فلسطینی کو قتل کیا جا رہا ہے۔ ہم فلسطین میں نسلی بنیادوں پر ایک اور قتل عام کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم ایک اور نکبہ کی اجازت نہیں دیں گے۔‘
عربی لفظ ’نکبہ‘ کا مطلب ’تباہی‘ ہے اور یہ سنہ 1948 میں سات لاکھ 50 ہزار فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کے حوالے سے استعمال ہوتا ہے۔
حسام زملط نے کہا کہ ’افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ ہر پانچ منٹ میں ایک فلسطینی کو قتل کیا جا رہا ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
فلسطین کے سفیر برائے برطانیہ حسام زملط نے کہا کہ بڑے پیمانے پر زمینی، سمندری اور فضائی حملے سے قبل شمالی غزہ میں فلسطینیوں کو جنوب کی طرف جانے کا حکم دینے کے باوجود، اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس حکم کی پابندی کرنے والے شہریوں کو بھی قتل کیا ہے۔
’یہ کریم خان اور آئی سی سی کے لیے سفید فاسفورس کے استعمال اور کسی بھی جرائم کی تحقیقات کا وقت ہے۔ تاہم بین الاقوامی قوتیں جن میں امریکہ اور برطانیہ شامل ہیں، آئی سی سی کو اس کے مینڈیٹ کے مطابق کام کرنے دیں۔ مغرب کو اسرائیل کو کسی بھی قسم کے احتساب سے بچانا بند کرنا چاہیے۔‘
انہوں نے فوری طور پر غزہ میں امداد کے لیے راستے کھولنے کا مطالبہ کیا۔