شاہ سلمان مرکز کی ٹیم نے بنگلہ دیش میں روہنگیا کیمپوں کا دورہ کیا
طبی سامان سمیت شاہ سلمان مرکز کی امدادی خدمات کا جائزہ لیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی ایک معائنہ ٹیم نے بنگلہ دیش کے علاقے کاکسس بازار میں روہنگیا پناہ گزین کیمپوں میں رہائشی مرکز کا دورہ کیا ہے۔
شاہ سلمان مرکز کے اسسٹنٹ جنرل سپروائزر برائے منصوبہ بندی و ترقی عقیل الغامدی نے کہا کہ ’کیمپوں میں آگ سے متاثرہ افراد کو پناہ فراہم کی جا رہی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا’ اب تک کل 410 ہاوسنگ یونٹس میں سے 300 کی فراہمی اور تعمیر کی جا چکی ہے جبکہ باقی جلد مکمل ہونے والے ہیں‘۔
گزشتہ برس شاہ سلمان مرکز نے کاکسس بازار میں 500 شیلٹرز بھیجے تھے جن میں 590 روہنگیا خاندانوں کے تین ہزار افراد کو رکھا گیا تھا۔
سعودی امدادی ایجنسی کی انسپکشن ٹیم نے ہسپتالوں کا دورہ کیا اور وہاں طبی سامان سمیت شاہ سلمان مرکز کی امدادی خدمات کا جائزہ لیا۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے یمنی کمشنری شبوہ میں وزارت صحت و آباد کاری کو 1570 ڈائیلائسز سیشنز اور ہیمو ڈائیلسس کا مزید سامان فراہم کیا ہے۔
شبوہ کے معاون سیکریٹری کمشنر سالم الاحمدی نے بتایا ’کمشنری کے تین اضلاع عتق، بیحان اور عزان کڈنی سینٹرز کو ان کی ضرورت کا سامان ملنے سے مریضوں کی مدد میں سہولت ہوگی‘۔
شاہ سلمان مرکز نے صومالیہ کے صوبے جوبا لاند کی کمشنری جیدو کے بارطیری علاقے میں 42 ٹن فوڈ باسکٹس تقسیم کرائیں ان سے 3600 افراد کو فائدہ پہنچا۔
شاہ سلمان مرکز نے افغانستان کے صوبے وردک کے ترخ ضلع میں سیلاب زدہ خاندانوں میں 47 ٹن 500 کلو گرام فوڈ باسکٹس تقسیم کیں جن سے تین ہزار افراد کو فائدہ ہوا۔
سعودی عرب شاہ سلمان مرکز کے ذریعے برادر اور دوست ممالک میں قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے متاثرہ افراد کے مصائب کا بوجھ کم کرنے کے لیے مختلف امدادی سرگرمیاں انجام دیتا ہے۔