لکھنؤ۔۔۔۔کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی طرف سے بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی اور سماج وادی کے صدر اکھلیش یادو کے اعزاز میں دیئے گئے مشترکہ ظہرانے کے بعد ہوسکتا ہے کہ یہ دونوں رہنما پہلی مرتبہ یوپی میں کوئی ریلی نکالیں ۔ظہرانے میں راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو یادو نے مایاوتی اور اکھلیش سے کہا تھا کہ وہ آگے آئیں اور ملک بھر میں بی جے پی کے خلاف سیاسی جلسے جلوسوں میں مدد کریں۔سماج وادی کے رکن پارلیمنٹ نریش اگر وال نے کہا کہ ظہرانے میں بی جے پی کی مخالف تمام جماعتوں نے اس خیال سے اتفاق کیا۔اگر چہ بی ایس پی کے سینیئر رہنماؤں سے فوری رابطہ نہ ہوسکا لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ مایاوتی اس تجویز سے متفق ہیں۔یوپی میں ہونیوالے حالیہ انتخابات میں اکھلیش اور مایاوتی کی جماعتوں کو شکست کے بعد قیاس آرائیاں ہورہی تھیں کہ اکھلیش اور مایاوتی دونوں ہی اختلافات ختم کرکے قریب آئیں گے۔