مکہ مکرمہ - - - - - - مسجدالحرام اور نواح میں خفیہ پولیس تعینات کر دی گئی۔رمضان المبارک کے دوران زائرین کو جیب تراشوں اورامن و سلامتی کے مسائل پیدا کرنیوالوں سے تحفظ فراہم کرے گی ۔العمرہ سیکیورٹی فورس کے معاون کمانڈر میجر جنرل ڈاکٹر سعود الخلیوی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے تمام زائرین حرم سے اپیل کی کہ وہ بہترین اور معیاری خدمات سے استفادہ کیلئے سیکیورٹی اہلکاروں سے تعاون کرے ۔ مسجد الحرام سیکیورٹی فورس کے کمانڈر میجر جنرل محمد الاحمدی نے واضح کیاکہ حرم اسپیشل فورس کے جوانوں نے اپنی ڈیوٹی شروع کر دی ہے اور رمضان المبارک کے استقبال کے طور پر اپنے لائحہ عمل نافذکرنا شروع کر دیا ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ حرم شریف کے چپے چپے پر وردی پوش اور خفیہ اہلکار تعینات کر دئیے گئے ہیں ۔ زائر خواتین کی خفاظت کیلئے زنانہ عملہ مقرر کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ حرم شریف کی تمام منزلوں میں سی سی کیمرے نصب کر دئیے گئے ہیں ۔ تربیت یافتہ سیکیورٹی عملہ نگرانی کر رہا ہے ۔ روڈ سیکیورٹی فورس کے معاون کمانڈر میجر جنرل زائد الطویان نے بتایا کہ سیکیورٹی اور ٹریفک کے تمام اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں نے گزشتہ برسوں کے مقابلوں میں امسال زیادہ موثر پروگرام تیار کیا ہے ۔ مکہ مکرمہ کو سیکیورٹی امور کے تناظر میں 3حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ پہلے حصے کا تعلق حرم شریف کے اطراف واقع علاقے سے ہے جسے منطقہ مرکزیہ کہا جاتا ہے۔ دوسرا اس علاقے سے باہر واقع محلوں سے تعلق رکھتاہے جبکہ تیسرے حصے کا تعلق شاہراہوں سے ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ام القریٰ روڈ کے بالمقابل روڈ پر کار پارکنگ کا بندوبست کر دیا گیا ہے ۔ 9پارکنگ لاٹس کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ 2نئی پارکنگ قائم کی گئی ہیں۔ ان میں سے ایک الضیافہ ہے جہاں 5ہزار سے زیادہ گاڑیاں کھڑی کی جا سکیں گی ۔