سعودی ولی عہد سے برطانوی وزیراعظم کا ٹیلیفون پر رابطہ
جمعرات 17 اگست 2023 20:20
رابطے میں دونوں ملکوں کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا (فائل فوٹو: العربیہ)
برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے جمعرات کو سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے دونوں ملکوں کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق برطانوی وزیراعظم نے سعودی ولی عہد سے کہا کہ ’برطانیہ سعودی عرب کے ساتھ طویل المیعاد گہرے تعلقات چاہتا ہے۔‘
رشی سونک نے کہا کہ ’برطانیہ علاقائی استحکام اور سعودی عرب کے امن کے تحفظ کا پابند ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب نے جدہ مذاکرات کی میزبانی کے بعد یوکرین کے حوالے سے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا۔‘
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور برطانیہ کے درمیان مشترکہ تعاون اور تمام شعبوں میں تعاون کو جدید خطوط پر استوار کرکے مزید مضبوط بنانے کی تدابیر کا جائزہ لیا۔ انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
برطانوی وزیراعظم نے قومی سلامتی کے مشیران کے جدہ اجلاس کے حوالے سے یوکرین بحران کے حل تک رسائی میں سعودی عرب کے موثر کردار پر قدرو منزلت کا اظہار کیا۔
سعودی ولی عہد نے کہا کہ ’ان کا ملک روس، یوکرین بحران کے سیاسی حل اور امن و استحکام میں معاون کوششیں کرتے رہنا چاہتا ہے۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق برطانوی ایوان وزارت عظمٰی نے مذکورہ مکالمے کے حوالے سے بیان جاری کر کے کہا کہ برطانوی وزیراعظم اور سعودی ولی عہد نے جلد ہی ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی شہر جدہ میں یوکرین سے متعلق 6 اور 7 اگست کو مذاکرات ہوئے تھے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں