Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025

امن عمل کی بحالی، مصر کے صدر اور اردن کے بادشاہ کی فلسطینی رہنما سے ملاقات

سہ فریقی میٹنگ کے دوران رہنماؤں نے ’فلسطینی کاز میں پیش رفت‘ پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
اُردن کے شاہ عبداللہ دوم نے مصر، اردن اور فلسطین کے مابین سہ فریقی سربراہی اجلاس سے قبل مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی جس میں فلسطین کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق مصری ایوان صدر کے ترجمان احمد فہمی نے بتایا کہ صدر اور بادشاہ نے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا اور اپنے ممالک کے درمیان تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے دو طرفہ اور عراق کے ساتھ سہ فریقی تعاون کے فریم ورک کے تحت بالخصوص اقتصادی و تجارتی سطح پر تعلقات کو اس انداز میں فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا جس سے دونوں ممالک اور ان کے عوام کو فائدہ پہنچے۔
دونوں رہنماؤں نے مسئلہ فلسطین سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور فلسطینیوں کے منصفانہ اور جامع حل کے حصول میں مدد کے لیے ’فلسطینی بھائیوں کو مکمل تعاون فراہم کرنے اور امن عمل کی بحالی کے لیے کام کرنے‘ کے لیے کوششوں کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔
شاہ عبداللہ نے سہ فریقی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے پر مصر اور عبدالفتاح السیسی کا شکریہ ادا کیا اور پھر دونوں رہنماؤں کی فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات ہوئی۔
مصری ایوان صدر کے ترجمان نے بیان میں بتایا کہ سہ فریقی میٹنگ کے دوران رہنماؤں نے ’فلسطینی کاز میں پیش رفت‘ پر تبادلہ خیال کیا اور مشرقی یروشلم کے ساتھ مستقبل کے فلسطینی دارالحکومت کے طور پر اسرائیل-فلسطینی تنازع کے ’دو ریاستی حل‘ کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔
گذشتہ ہفتے مصری وزیر اعظم مصطفیٰ مدبولی نے اپنے اردنی ہم منصب بشر الخصاونہ کے ساتھ عمان میں اردنی-مصری اعلیٰ کمیٹی کے 31 ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی تھی۔
ملاقات کے دوران متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے 12 معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے۔ ان میں معاشی اور ترقیاتی پالیسیوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت اور مالیاتی کنٹرول سے متعلق دیگر، ماحولیاتی تحفظ میں ایک ایگزیکٹو پروگرام اور سماجی امور کے شعبے شامل تھے۔

شیئر: