ایجبسٹن...یکم جون سے شروع ہو نے والی چیمپیئنز ٹرافی میں پہلی مرتبہ جنوبی افریقہ کی طرف سے سب سے زیادہ رنگدار کھلاڑی ٹورنامنٹ کا حصہ ہوں گے۔ 23سال قبل 1994 میں نسلی امتیاز کے خاتمے کے بعد پہلی مرتبہ جب جنوبی افریقی ٹیم انگلینڈ کے دورے پرگئی تھی تو اس کے تمام کھلاڑی سفید فام تھے۔ آئندہ ہفتے شروع ہو نے والی چیمپیئنز ٹرافی کے لئے منتخب کئے جانے والے 15رکنی جنوبی افریقی اسکواڈ میں 8ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو سیاہ فام ، ایشیائی یا مقامی زبان میں رنگدار نسل سے تعلق رکھتے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے ان رنگدار کرکٹرز سے ہی جنوبی افریقی ٹیم اس وقت عالمی رینکنگ کی ابتدائی ٹیموں میں شامل ہے ۔عمران طاہر، ہاشم آملہ، کاگیسو ربادا،کیشیو پٹیل اور جین پال ڈمنی ایسے کھلاڑی ہیں جو جنوبی افریقہ کی پہچان بنے ہوئے ہیں۔ گزشتہ سال متعارف کرائے گئے نسلی کوٹے کے تحت ہر میچ کے لئے ٹیم میں کم از کم 6 رنگدار کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی ہے۔ ان میں سے 2کا سیاہ فام ہو نا ضروری ہے۔