ریاض ..... امن عامہ کے ڈائریکٹر کے مشیر میجر جنرل جمعان الغامدی نے بتایا ہے کہ غیر قانونی تارکین سے پاک وطن مہم سے اب تک 2لاکھ56ہزار غیر ملکی استفادہ کرچکے ۔شمالی حدود ریجن میں غیرقانونی تارکین سے پاک وطن مہم کے نتائج دریافت کرنے کیلئے دورے کے موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ مملکت بھر میں تمام سینٹرزکی تازہ صورتحال دریافت کرنے کیلئے ورکنگ ٹیم قائم کردی گئی ۔ غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم کا سلسلہ مقررہ اسکیموں کے مطابق جاری و ساری ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اب تک 53ہزار افراد سعودی عرب سے رخصت ہوچکے ہیں۔ مملکت کے تمام 13علاقو ں میں محکمہ پاسپورٹ کے اہلکار پوری تندہی سے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے سعودی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی غیر قانونی تارک وطن کو کسی بھی نوعیت کا تعاون نہ دیں۔ انہیں رہائش، سفر، روزگار یا چھپانے کے حوالے سے کسی طرح کا بھی تعاون نہ کریں۔ اقامہ و محنت قوانین اور سرحدی سلامتی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کی پکڑ دھکڑ کے لئے چلائی جانے والی قومی مہم کی ٹیم نے میجر جنرل جمعان الغامدی کی زیرقیادت عرعر شہر کا دورہ کیا۔