دبئی: امریکن اسکول کے طلبہ کی ورلڈ اسکالر کپ میں نمایاں کامیابی
دبئی( عمران خان یوسفزئی )امریکن انٹرنیشنل اسکول دبئی میں پاکستانی پشتون ٹیچر منصور علی کی ٹرینگ اور کوچنگ کے باعث اسکول کے ہونہار طلبہ نے امریکہ میں ہونے والے ڈیبیٹ ٹورنامنٹ ورلڈ اسکالر کپ میں 6 گولڈ اور11 سلور میڈل حاصل کر نے میں کامیاب ہوگئے۔ مقابلوں میں شرکت کرنے والے طلبہ میں صدف ،پیٹرک ،ریٹز،روہیت رانا ،منصور علی شاہ تریش ،جانسن ،ڈینی اور شمویک شامل تھے۔ پاکستانی کوچ منصور علی اور انکی ڈیبیٹ ٹیم کی کوششوں کے باعث امریکن اٹرنیشنل اسکول کے طلبہ نے امریکہ میں اپنے اسکول اور یو اے ای کا نام روشن کیا ۔یادرہے کہ ان بچوں نے پہلی مرتبہ اس طرح کے بڑے ایونٹ میں حصہ لیا اور پہلی بار ہی بڑی کامیابی حاصل کی۔ طلبہ کے کوچ منصور علی شاہ نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ طویل عرصہ سے شعبہ تعلیم سے وابستہ ہو ں۔ان بچوں کی کامیابی کو دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے لیکن جب اپنے ملک میں تعلیم کے معیار اور حالت کو دیکھتے ہیں تو افسوس بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال ہونے والے مقابلوں میں میری خواہش ہو گی کہ پاکستان کے ایک دوا سکولز کو بھی ایسے مقابلوں میں شامل کیا جائے تاکہ ہمارے ملک کے بچے بھی سامنے آسکیں ۔انہوں نے ا سکول انتظامیہ اور خصوصا امریکن اسکول دبئی کے پرنسپل کا شکریہ ادا کیا۔