Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
بدھ ، 30 جولائی ، 2025 | Wednesday , July   30, 2025
بدھ ، 30 جولائی ، 2025 | Wednesday , July   30, 2025

رمضان کیلئے انتظامات مکمل کرلئے، محکمہ ٹریفک

  جدہ.... ریجنل ڈائریکٹر ٹریفک پولیس لیفٹیننٹ کرنل سلیمان الزکری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں ٹریفک کو رواں رکھنے کےلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے تمام علاقوں میں ٹریفک پولیس کے اضافی اہلکاروں کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے ۔ مقامی اور مقیم غیر ملکی ٹریفک قوانین کا مکمل احترام کریں تاکہ انکی وجہ سے دوسروں کو بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ٹریفک قوانین لوگوں کی سہولت کے لئے وضع کئے جاتے ہیں جن پر عمل کرنا سب کا فرض ہے۔ کرنل سلیمان نے مزید کہا کہ شہر کی سبزی اور فروٹ منڈی کے داخلی اور خارجی راستوں پرخصوصی طور پر اہلکاروں کو متعین کیاگیا ہے کیونکہ ماہ رمضان میں عصر کی نماز کے فوری بعد بڑی تعداد میں لوگ منڈی کا رخ کرتے ہیں اور غلط پارکنگ کی وجہ سے علاقے میں ٹریفک جام ہو جاتا ہے جس سے لوگوں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں ہوٹلوں اور اشیائے خورونوش فروخت کرنے والی سپر مارکیٹس کے باہر اہلکاروں کو متعین کیاگیا ہے تاکہ غلط پارکنگ کرنے والوں کا فوری چالان کاٹا جاسکے ۔ غلط اوور ٹیک کرنے اور ٹریفک سگنل کی پابندی نہ کر نے والوں کےخلاف بھی فوری چالان کیا جائےگا ۔ ریجنل ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ماہ رمضان المبارک میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں معتمرین کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے جس کے پیش نظر ائیر پورٹ پر بھی اضافی ٹریفک پولیس اہلکاروں کی متعین کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں مکہ مکرمہ ا ور مدینہ منورہ شاہراہ پر بھی ٹریفک پولیس کی گشتی موبائلز اور خفیہ موبائلز اہلکاروں کو متعین کیا جارہا ہے تاکہ حد رفتار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ کرنل الزکری نے مزید کہا کہ تراویح کے اوقات میں گاڑیاں درست طور پر مقررہ پارکنگ میں پارک کی جائیں تاکہ دوسروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شیئر: