83 جعلی معلمین گرفتار، بغیر پرمٹ مکہ جانے والے ایک لاکھ 59 ہزار غیرملکی واپس
محمد البسامی نے کہا کہ حج سیزن کو فول پروف بنانے کے لیے سکیورٹی سکیمیں تیار ہیں۔ ( فوٹو: عاجل)
سعودی محکمہ امن و عامہ کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے کہا ہے کہ 83 جعلی حج معلمین کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ بغیر پرمٹ کے حج پر جانے والے ایک لاکھ 59 ہزار188 تارکین کو واپس کیا گیا۔
عکاظ اخبار کے مطابق محمد البسامی نے بتایا کہ ’مکہ مکرمہ سے بغیر پرمٹ حج پر جانے کی کوشش پر پانچ ہزار 868 غیرملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے یہ اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب پائے گئے ہیں۔‘
امن و عامہ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ’غیرقانونی طریقے سے عازمین حج کو مشاعر مقدسہ لے جانے والے 9 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ مکہ مکرمہ کے باہر چیک پوسٹوں سے 109118 گاڑیوں کو واپس کیا گیا۔‘
علاوہ ازیں سعودی محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ محمد البسامی نے کہا ہے کہ مشاعر مقدسہ مستقبل میں سمارٹ زون ہوں گے۔
ایس پی اے کے مطابق محمد البسامی نے کہا کہ ’ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سعودی اتھارٹی (سدایا) کے ساتھ مل کر مصنوعی ذہانت کے ذریعے حج سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔‘
’حج سیزن کو فول پروف بنانے کے لیے سکیورٹی سکیمیں تیار ہیں۔ بدامنی کی ہر کوشش کا مقابلہ کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عازمین حج کی سلامتی اور نقصان پہنچانے والی ہر سرگرمی کو روکا جائے گا۔ سلامتی اور بچاؤ کے اصول پر عمل کیا جائے گا۔‘