گیارہ لاکھ سے زیادہ عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے
بری، بحری اور فضائی راستوں سے عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج وعمرہ کے سیکرٹری محمد البیجاوی نے کہا ہے کہ ’مختلف ممالک سے اب تک گیارہ لاکھ سے زائد عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں‘۔
سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت حج وعمرہ کے سیکرٹری نے مزید کہا کہ ’بری، بحری اور فضائی راستوں سے عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے‘۔
’بری راستے کے ذریعے سنیچر تک 25 ہزار سے زائد عازمین مملکت آئے جبکہ ان کی آمد کا سلسلہ آئندہ چند دنوں تک جاری رہے گا‘۔
سیکرٹری وزارت حج وعمرہ کا مزید کہنا تھا کہ ’مختلف ممالک سے براہ راست مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرآنے والے عازمین کی تعداد 6 لاکھ سے زیادہ ہے‘۔
گزشتہ روز جمعے تک 7 لاکھ سے زائد عازمین مدینہ منورہ آئے جن میں سے بیشترمسجد نبوی کی زیارت کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے۔
اس وقت مدینہ منورہ میں مجموعی طورپرایک لاکھ 47 ہزار عازمین موجود ہیں جبکہ ان کی آمد کا سلسلہ چند دن مزید جاری رہے گا۔
علاوہ ازیں سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اب تک فضائی اور بحری راستوں سے چھ لاکھ 61 ہزار 346 حج زائرین مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔