مکہ کی تمام مساجد میں حج سیزن کے دوران نماز جمعہ پڑھائی جائیگی
عازمین کی سہولت کےلیے تمام مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت دی گئی(فوٹو، ٹوئٹر)
وزیراسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے حج سیزن کے دوران مکہ مکرمہ شہر کے تمام علاقوں میں قائم چھوٹی بڑی مساجد میں نماز جمعہ پڑھانے کی اجازت دے دی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزیر اسلامی امور کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ حج سیزن کے دوران جب لاکھوں کی تعداد میں عازمین حج مکہ مکرمہ میں موجود ہیں ایسے میں شہر میں قائم تمام چھوٹی اوربڑی مساجد میں آج بروز جمعہ 16 جون سے حج سیزن کے اختتام تک نماز جمعہ پڑھائی جائے۔
وزیراسلامی امور کی جانب جاری احکامات کی پابندی کرتے ہوئے ایسی مساجد جہاں عام دنوں میں نماز جمعہ نہیں پڑھائی جاتی ان کی تعداد 554 کے قریب ہے وہاں عازمین حج کی سہولت کےلیے باقاعدگی سے نماز جمعہ پڑھائی جائے گی۔
واضح رہے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے قریب اورچھوٹی مساجد میں عام طورپرجمعہ کی نماز نہیں پڑھائی جاتی۔ نماز جمعہ مسجد الحرام میں ادا کی جاتی ہے جبکہ مسجد الحرام سے دور جامع مساجد میں بھی اس کا اہتمام کیا جاتا ہے تاہم حج سیزن میں جبکہ لاکھوں عازمین کی سہولت کےلیے وزیر اسلامی امور نے خصوصی طورپرتمام مساجد کی انتظامیہ کو احکامات جاری کیے ہیں تاکہ عازمین کو آمد ورفت کی پریشانی نہ ہو۔