ریاض : سربراہ کانفرنسوں میں شراکت داری کی نئی بنیاد رکھی جائے گی
ریاض: ریاض میں دو سربراہ کانفرنسوں کا انعقاد آئندہ چند گھنٹوں میں ہوگا۔ پہلی کانفرنس خلیجی ممالک کے سربراہوں کی جبکہ دوسری عرب اور اسلامی ممالک کے سربراہوں کی ہو گی۔ دونوں کانفرنسوں میں خلیجی ممالک اور عرب واسلامی ممالک دہشت گردی کے خلاف امریکہ کے ساتھ نئی شراکت داری کی بنیاد رکھی جائے گی۔ عرب اور اسلامی سربراہ کانفرنس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اہم خطاب کریں گے۔ خلیجی ممالک کے سربراہوں کی کانفرنس سے پہلے جی سی سی قیادت باہمی مشاورت کے لئے اجتماع کریں گے جس میں خطے کی امن وسلامتی اور استحکام کے لئے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ توقع کی جاتی ہے کہ خلیجی ممالک اور امریکہ کے ساتھ اہم معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ بعد ازاں عرب اور اسلامی ممالک کی کانفرنس کا انعقاد ہوگا جس میں بقائے باہم اور انتہاپسندی کے انسداد کے لئے مشاورت کی جائے گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے خطاب میں اسلام کے بارے میں اپنے نظریات کی وضاحت کریں گے۔ مبصرین کا خیال ہے کہ دونوں کانفرنسیں انتہائی اہم اور خطے کے مستقبل کے بارے میں سنگ میل ثابت ہوںگی۔
ٹرمپ کا دورہ سعودی عرب اور ریاض کانفرنس کی تمام خبریں ایک صفحہ پر دیکھنے کے لئے نیچے دیئے گئے ٹیگ پر کلک کریں