ٹرمپ کومبہوت کرنے والی تصویرمیں کیا خاص بات تھی
ریاض: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ، خانہ کعبہ کی جس تصویر کے سامنے 3منٹ تک کھڑے رہے اس میں کیا خاص بات تھی۔ اس تصویر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ انتہائی مہارت اور فنی طریقہ سے تیاری کی گئی ہے۔ تصویر پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ کئی لمبے ٹکڑوں پر بنائی گئی ہے۔ یہ دراصل دو تصویریں ہیں ۔ اسے اس فنی طریقے سے بنایا گیا ہے کہ اگر ایک طرف سے دیکھیں تو پرانے زمانے کا حرم نظر آتا ہے اور دوسری طرف سے دیکھیں تو موجودہ دور کا حرم نظر آتا ہے۔ پرانے حرم کی تصویر 19ویں صدی عیسوی لی گئی۔ یہ اس وقت کے معروف فوٹوگرافر عبد الغفار کے کیمرے سے لی گئی تھی جبکہ موجودہ دور کے حرم کی تصویر فوٹوگرافر عبد الرحمن عبدہ کی ہے جو 2012میں لی گئی تھی۔ دونوں تصویروں کو اس طرح ایک ہی تصویر میں جمع کیا گیا ہے اگر دائیں طرف ہوکر دیکھیں تو پرانا حرم اور بائیں طرف کھڑے ہوکر دیکھیں تو نیا حرم نظر آتا ہے۔ اس شاہکار کو تخلیق کرنے والے سعودی نوجوان احمد عنقاوی کا کہنا ہے کہ انہوں نے دونوں تصویروں کو 2013میں انتہائی فنی طریقے سے ایک تصویر میں جمع کیا۔ اس کام میں تقریبا ایک مہینہ لگا تھا۔ دونوں تصویروں میں ایک صدی کا فرق ہے۔ واضح رہے کہ احمد عنقاوی مکہ مکرمہ کا رہائشی ہے۔ بروکلن انسٹی ٹیوٹ سے فارغ التحصیل ہیں۔
ٹرمپ کا دورہ سعودی عرب اور ریاض کانفرنس کی تمام خبریں ایک صفحہ پر دیکھنے کے لئے نیچے دیئے گئے ٹیگ پر کلک کریں