Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025
اتوار ، 27 جولائی ، 2025 | Sunday , July   27, 2025

جل فریزی جیٹ،انڈین ریستوران کے مالک نے طیارہ خرید لیا

ادائیگی کرنسی کی شکل میں نہیں بلکہ کری کی شکل میں ہوگی، 500پلیٹ سالن کی پہلی قسط ادا کی جا چکی
ویسٹ یارکشائر کے علاقے کیگلے میں انڈین ریستوران کے مالک نے جو بچپن ہی سے ہواباز بننے کے خواب دیکھ رہا تھا اب واقعی اپنے خواب کو تعبیر سے ہم آہنگ کرنے کی جانب پہلا قدم اٹھاتے ہوئے ذاتی طیارہ خرید لیا دلچسپ بات یہ ہے کہ طیارہ خریدنے کیلئے جو ادائیگی کی ہے وہ کسی کرنسی کی شکل میں نہیں بلکہ کری کی شکل میں ہوگی۔ 
شاہجہاں چوہدری نے سالن وغیرہ کے قیمت پر جو طیارہ خریدا ہے وہ 49فٹ لمبائی والا ہاکر سڈلے HS125 jet ہے۔ اب وہ اس طیارے کو ریستوران کی شکل دینا چاہتا ہے۔ یہ طیارہ بنیادی طور پر ایوی ایشن سالویج کمپنی جی جے ڈی کی ملکیت تھا۔ جس نے بڑی حیرت اور خوشی سے یہ سودا قبول کیا تھا ۔ اب جی جے ڈی والے اس طیارے کے شوقین شاہجہاں چوہدری کے مجوزہ ریستوران سے 150پلیٹ ونڈالوز، 150پلیٹ بمبیا آلو، 100پلیٹ پیاز کی بھجیا(پیازو) اور ہائپر وغیرہ کی متعدد پلیٹیں حاصل کرسکیں گے۔ شاہجہاں چوہدری نے طیارے کے پرانے مالکان کو 200دوسرے لذیذ کھانوںسے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنیکا وعدہ بھی کیا ہے۔ 
واضح ہو کہ شاہجہاں چوہدری نہ صرف ریستوران کے مالک ہیں بلکہ خود بھی بہت اچھے کک (باورچی) ہیں۔انکے بنائے ہوئے لذیذ کھانے کلف رچرڈ اور اسپائس گرلز جیسی سیلیبریٹیز بھی نہ صرف کھاچکے ہیں بلکہ انکے کھانوں کی تعریف بھی کرچکے ہیں۔ شاہجہاں چوہدری کی عمر 47سال ہے اور وہ بنیادی طور پر بنگلہ دیش کے رہنے والے ہیں۔ یعنی انکے والدین کا تعلق بنگلہ دیش سے تھا۔
شاہجہاں 5بچوں کا باپ ہے اور اب جبکہ وہ عملی طور پر ایک طیارے کے مالک بن چکے ہیں، بیحد خوش ہے۔ خوشی کاعالم یہ ہے کہ جب سے طیارہ خریدا ہے راتوں کی نیند بھی اڑ گئی کیونکہ انتہائی دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر ہورہا ہے۔ طیارے کا شوق پورا کرنا امیروں اور دولت مند لوگوں تک محدود رہتا تھا اس تلخ حقیقت سے وہ بچپن سے ہی واقف رہا لیکن پھر بھی اسکا خواب دیکھنا کبھی نہیں چھوڑا تھا۔ 
شاہجہاں چوہدری نے اسکول اور کالج کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد 2000ءمیں برطانیہ کا رخ کیا۔ یہاں آنے کے بعد پہلی ملازمت ایک کچن میں ملی۔ مدد گار کے طورپر شروع کی پھر محنت اور لگن سے کام کرنے کی بدولت وہ ترقی کرتے ہوئے شیف بن گئے جسکے بعد 2004ءمیں اپنا پہلا ریستوران کھولا۔ شاہجہاں کے بیان کے مطابق طیارے پرواز کررہے ہوں یا زمین پر کھڑے ہوں ہمیشہ ہی انتہائی پرکشش رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ آج بھی اپنے بچوں کو طیارے دکھانے کے لئے لیڈز کے براڈ فورڈ ایئرپورٹ ضرو رلیجاتا ہوں تاکہ میرا یہ شوق بچوں کے دلوں میں بھی جڑ پکڑ جائے۔
شاہجہاں کے بیان کے مطابق طیارے کا سودا طے کرانے میں انکے دوست عظیم نے بڑا اہم کردارادا کیا۔ انہوں نے طیارے کی قیمت کے طور پر جن سالنوں اورڈشوں کا وعدہ کیا تھا ان میں سے 500پلیٹ سالن کی پہلی قسط وہ ادا بھی کرچکے ہیں۔ اب مزید 450پلیٹ سالن انہیں ا دا کرنا ہے۔ انکی اس مہم جوئی میں انکے ساتھی عدنان احمد کا اشتراک شامل ہے جو خود بھی ایک ریستوران کے مالک ہیں۔ اب وہ بیڈفورڈ کے گردو نواح میں ایک ایسی جگہ تلاش کررہے ہیں جہاں وہ اپنا نیا ریستوران کھول سکیں۔ جو ایسا ہو کہ طیارہ بھی اس سے منسلک ہوجائے۔
انکے دوست عظیم جنکا پورا نام مصطفی عظیم ہے خود بھی پائلٹ ہیں۔ یوی ایشن سالویج کمپنی امپیریل کے مالک ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ ایک مرتبہ حادثے سے دوچار بھی ہوا تھا مگر خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اب اس طیارے میں جو 49فٹ لمبا اور 8فٹ چوڑا ہے 9افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ اسکے اندرونی حصے کی نئی تزئین و آرائش کا کام بھی کیا جانے والا ہے۔ جب سارا کام مکمل ہوجائیگا تو آئندہ سال گلاسٹن بری فیسٹیول میں نمائش کیلئے بھی لیجایا جائیگا۔ طیارے کی جو قیمت انہوں نے کھانوں، سالنوں اور ڈشوں میں ادا کرنے کا وعدہ کیا ہے اسکی مجموعی مالیت 3700پونڈ ہوتی ہے۔
شاہجہاں کے تیار کردہ کھانے فی پلییٹ 10.95پونڈ ہے۔ پیاز کی بنی ہوئی بھجیا کی قیمت 300پونڈ تک ہوگی۔ ہائپر کے پلیٹوں کی قیمت200پونڈ کے لگ بھگ ہوگی۔
******

شیئر: