Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
منگل ، 29 جولائی ، 2025 | Tuesday , July   29, 2025
منگل ، 29 جولائی ، 2025 | Tuesday , July   29, 2025

مدینہ منورہ ’’اشاعت قرآن مرکز ‘‘ کے 1300ملازمین سبکدوش

مدینہ منورہ(نیوز ڈیسک) یہاں اشاعت قرآن مرکز چلانے والی کمپنی کے 1300 سے زائد ملازمین کو سبکدوش کردیا گیا۔ انہیں منگل کو تحریری طور پر اطلاع دی گئی کہ آپ حضرات کی ملازمت کے معاہدے ختم کردیئے گئے ہیں لہذا کارروائی مکمل کرانے کیلئے افرادی قوت اور مالیاتی انتظامیہ سے رجوع کرلیا جائے۔ روزگار تلاش کرنے کیلئے " ساند" پروگرام میں اندراج کرا لیا جائے۔ سبکدوش کئے جانے والے ملازمین نے بڑے درد اور کرب کے ساتھ کہا ہے کہ دسیو ں سال قرآن پاک کی خدمت کے طویل سفر کے بعد حسن عمل کا ثمر سبکدوش کرکے دیا جارہا ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ گزشتہ کئی ماہ سے انہیں تنخواہیں بھی نہیں ملی ہیں جبکہ ان کے اہلخانہ مشکلات و مسائل سے دوچار رہے ہیں۔ اشاعت قرآن مرکز چلانے والی کمپنی کے ملازمین نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ انہیں اچانک اس طرح سے رخصت کردیاجائے گا۔ وہ کئی برس سے اپنے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام سے رجوع کررہے تھے۔ بینکوں اور کار کمپنیوں کے قرضے بھی ان کے سر پر تلوار کی طرح لٹکے ہوئے ۔ قسطیں نہ دینے کی وجہ سے مسائل کا شکار ہیں۔ گھروں کے کرائے اور بچوں کے اخراجات ادا کرنے کی استطاعت سے بھی محروم تھے اور ہیں۔ متعدد ملازمین نے کمپنی سے اپنے حقوق حاصل کرنے کیلئے ایک وکیل کی خدمات بھی حاصل کرلیں۔ کئی ماہ پہلے میڈیکل انشورنس ختم کردیا گیا۔ مکافہ نہایۃ الخدمہ اور چھٹیوں کے واجبات بھی باقی ہیں۔ کئی ملازمین نے اپنے مالی مسائل حل کرنے کیلئے متعلقہ اداروں سے رجوع کیا ہے۔ ملازمین کا اہم مطالبہ یہ تھا کہ انہیں کمپنی سے وزارت اسلامی امور و دعوۃ و رہنمائی کا ملازم بنا دیا جائے تاہم وزارت نے موجودہ کمپنی کا معاہدہ ختم ہوجانے پر کنگ فہد کمپلیکس برائے اشاعت قرآن کے انتظامات چلانے کیلئے مختلف کمپنیوں کو پیشکش جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ پرانی کمپنی کے ملازمین کو نئی کمپنی میں ملازمت کے حوالے سے کسی طرح کی کوئی بات نہیں کی گئی۔

شیئر: