Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025
اتوار ، 08 جون ، 2025 | Sunday , June   08, 2025

روٹ ٹو مکہ کے تحت سہولیات پر بنگلہ دیشی عازمین شکرگزار

ڈھاکہ ایئرپورٹ پر تمام سٹاف کے ساتھ خوشگوار اور دوستانہ ماحول میسر تھا۔ فوٹو: عرب نیوز
بنگلہ دیش سے آنے والے عازمین حج مکہ روٹ میں امیگریشن کی سہولیات پر سعودی حکومت کے ممنون و شکرگزار ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق رواں سال ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد بنگلہ دیشی عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے مملکت پہنچیں گے اور ان میں زیادہ تر کی روانگی دارالحکومت ڈھاکہ سے ہو گی۔
گزشتہ ہفتے سے بنگلہ دیش سے خصوصی حج پروازیں شروع ہونے کے بعد سے مکہ روٹ کے تحت اپنائے گئے اقدامات پر 24 گھنٹے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
روٹ ٹو مکہ پروگرام کے آغاز کے بعد 2019 سے بنگلہ دیش کے عازمین کو بھی یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے جس کے تحت عازمین کو ویزا، کسٹمز اور صحت سے متعلق تمام تقاضے پورے کرنے کے لیے ان کے ملک میں مدد فراہم کی جاتی ہے اور وہ مملکت پہنچنے پر انتظار کی زحمت سے بچ جاتے ہیں۔
ڈھاکہ حج آفس کے ڈائریکٹر سیف الاسلام نے بتایا ہے کہ اس اقدام کو اندرون اور بیرون ملک لوگوں کی طرف سے بہت سراہا جا رہا ہے اور عازمین تمام سفری معاملات حل ہونے کے بعد طیاروں میں سوار ہو رہے ہیں۔

عملہ 24 گھنٹے مہمان نوازی کی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر اترتے ہی روٹ ٹو مکہ کے تحت آنے والے عازمین بسوں میں سوار ہو کر باآسانی اپنی قیام گاہ پہنچ جاتے ہیں۔
بنگلہ دیش سے آنے والے عازمین حج اس پروگرام کے تحت سفری سہولیات میسر آنے پر خوشگوار حیرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
ڈھاکہ سے جدہ پہنچنے والے 63 سالہ محمد مشرف نے بتایا کہ ڈھاکہ ایئرپورٹ پر میری امیگریشن کی تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد یہاں تقریباً ایک منٹ کا وقت صرف ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ سب میرے لیے خوشگوار حیرت کا سبب ہے اور دو سال پہلے قبل یہ سب ناقابل تصور تھا۔ ہم سعودی حکام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ہمیں یہ موقع فراہم کیا گیا۔
ایک اور بنگلہ دیشی عازم حج 59 سالہ محمد سلیمان نے کہا ہے کہ اس پروگرام کے تحت ہمیں کسی قسم کی فکر کی ضرورت نہیں اور اب ہم بہتر انداز میں مقدس سفر کے روحانی پہلوؤں پر توجہ رکھ سکتے ہیں۔

روٹ ٹو مکہ کے تحت عازمین باآسانی قیام گاہ پہنچ جاتے ہیں۔ فوٹو: عرب نیوز

ڈھاکہ ایئرپورٹ پر تمام سٹاف کے ساتھ خوشگوار اور دوستانہ ماحول میسر تھا جو ہمیشہ یادگار رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ میں اس  بات کا اندازہ کر سکتا ہوں کہ دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین کا انتظام کرنا کتنا مشکل ہے لیکن انتطامات پر مامور عملہ 24 گھنٹے خوشگوار ماحول میں مہمان نوازی کی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے، ہم ان کے شکرگزار ہیں۔
بنگلہ دیش سے حج کے لیے روانہ ہونے والی 56 سالہ لطیفہ بیگم نے بتایا کہ ابتدائی طور پر میں پریشان تھی کہ مجھے سفر میں بات چیت میں دشواری پیش آئے گی لیکن کوئی مسئلہ نہیں ہوا تمام سٹاف اور افسران مہربان اور ملنسار تھے۔
مملکت پہنچنے پر ائیرپورٹ پر ہر ایک نے ہمارے ساتھ معزز مہمانوں کی طرح کا برتاؤ کیا ہے۔
لطیفہ بیگم نے کہا کہ میں دل کی گہرائیوں سے مملکت کے حکام کی عافیت کے لیے دعا گو ہوں جنہوں نے ہمیں اتنا آسان سفر کی سہولیات فراہم کیں۔
 

شیئر: