Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

پی ٹی آئی کے بانی رکن عمران اسماعیل کا عمران خان کو ’خدا حافظ‘

سابق رُکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ فوٹو: نیشنل پریس کلب
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔
عمران اسماعیل نے سنیچر کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ شاید میری آخری پریس کانفرنس ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’نو مئی کو جی ایچ کیو پر، کور کمانڈر کے گھر اور ایم ایم عالم کے جہاز کے ماڈل پر حملہ ہوا۔ ابھی ان سب واقعات کی تحقیقات ہونا باقی ہیں۔‘
’اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ میں اس دن کسی بھی ریلی میں شریک نہیں ہوا تھا۔ مجھ پر بے بنیاد پرچہ بنایا گیا لیکن اب میں آزاد شہری ہوں۔‘
عمران اسماعیل نے کہا کہ ’میں ان چار لوگوں میں تھا جنہوں نے پی ٹی آئی کی بنیاد رکھی۔‘
’اب نو مئی کے بعد میں نے کافی سوچ بچار کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے اور میں پاکستان تحریک انصاف کے تمام عہدوں سے استعفا دیتا ہوں۔ یہ مجھے علم نہیں کہ میں میں مستقبل میں سیاست کروں گا یا نہیں۔‘
’میں یہاں پر عمران خان صاحب کو خدا حافظ کہتا ہوں اور تحریک انصاف کو اللہ حافظ۔‘
دوسری جانب سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ وہ پارٹی نہیں چھوڑ رہے۔ 
سنیچر کو اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھر نو مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور شہدا کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
’نو مئی کے واقعات پر مفروضوں پر بات نہیں کرنی چاہیے، سنجیدہ تحقیقات کے بعد جو لوگ ملوث ہوں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔‘

علی زیدی، ہاشم ڈوگر اور دیگر کئی رہنماؤں کا تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان

اس سے کچھ دیر قبل اسلام آباد میں پاکستان کے صوبہ پنجاب کے سابق وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر اور دو سابق ارکان قومی اسمبلی نے تحریک انصاف سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے.
ہاشم ڈوگر کے ہمراہ سیالکوٹ سے سابق وزیر چوہدری اخلاق، جھنگ سے رائے تیمور بھٹی، فیصل آباد سے سابق ایم پی اے مامون تارڑ، سابق ایم این اے منصب ڈوگر، بہاولپور سے سابق ایم پی اے سمیع اللہ چوہدری نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہا۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ ’میں ان چار لوگوں میں تھا جنہوں نے پی ٹی آئی کی بنیاد رکھی۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)

قبل ازیں اسلام آباد میں سابق ایم این اے راجہ خرم نواز اور پشاور میں سابق رُکن قومی اسمبلی شوکت علی نے تحریک انصاف کو خیرباد کہا۔
سابق رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پارٹی عہدوں اور سیاست سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نو مئی کو ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔
سنیچر کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ خرم نواز نے نو مئی کے واقعات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ان حملوں میں ملوث ہیں ان کو پاکستان کے آئین و قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آئندہ سیاست کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے ساتھیوں سے مل کر لائحہ عمل بعد میں بنائیں گے۔ ’خان صاحب کو بہت اچھا لیڈر پایا مگر ہم اپنے اداروں کے ساتھ محاذ آرائی نہیں کر سکتے۔‘
راجہ خرم نواز نے کہا کہ نو مئی کو ہونے والے پر تشدد واقعات کی مذمت کرتے ہیں، وطن عزیز اور پاکستان کے عوام کی حفاظت کے لیے فوج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔
’9 مئی کو جو واقعات ہوئے، شہدا کی تصاویر اور مجسموں کے علاوہ تنصیبات پر حملے کیے گئے، چاہتے ہیں کہ نو مئی کو ہونے والے پُرتشدد حملوں کی شفاف تحقیقات ہوں اور جو لوگ ان حملوں میں ملوث ہیں ان کو پاکستان کے آئین و قانون کے مطابق سزا ملے۔

ہاشم ڈوگر کے ہمراہ پی ٹی آئی کے پانچ دیگر رہنما بھی پارٹی چھوڑ گئے۔ فوٹو: نیشنل پریس کلب

انہوں نے مزید کہا کہ ’احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے، حلقے کے عوام کے لیے جدو جہد جاری ہے، آج میں اور میرے تمام ساتھی پی ٹی آئی کے عہدوں سے دستبردار ہوتے ہیں ہم نے اپنے حلقے کی طرف سے سب کو بلایا، مشاورت کی اور فیصلہ کیا ہے کہ ہم سیاست سے دستبردار ہو رہے ہیں۔‘
راجہ خرم نواز نے مزید کہا کہ اُن پر کوئی کیسز نہیں، کوئی دباؤ نہیں ہے۔ ’میری کوئی ویڈیو بھی نہیں ہے، جو کارکن بے گناہ جیلوں میں قید ہیں ان کو رہائی ملی چاہیے، میرے لیے میرے حلقے کے لوگوں کی مشاورت اہم ہے۔‘
اُدھر پشاور میں سابق رُکن قومی اسمبلی شوکت علی پریس کانفرنس میں کہا کہ نو اور 10 مئی کے واقعات کے بعد اُن کو ضمیر نے ملامت کیا اور انہوں نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔
سنیچر کی صبح ہی ایک ویڈیو بیان میں کراچی سے سابق رُکن قومی اسمبلی علی زیدی نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

شیئر: