صوبہ خیبر پختونخوا میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان نے پیر کی صبح 10 بجے تمام کارکنوں کو ہکلہ انٹرچینج پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر احتجاجی مظاہرے کے اعلان کے بعد خیبرپختونخوا میں پی ڈی ایم جماعتوں نے حکمت عملی طے کر لی ہے۔
صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ تمام اضلاع سے کارکن پیر 15 مئی کی صبح 10 بجے تک ہکلہ انٹرچینج پہنچ جائیں گے جہاں سے قافلوں کی شکل میں اسلام آباد کا رخ کریں گے۔ ان کے مطابق ملاکنڈ اور صوابی کے کارکن ہزارہ انٹرچینج سے قافلوں میں شامل ہوں گے۔
مزید پڑھیں
-
9 مئی کا دن 16دسمبر 1971 کے بعد المناک ترین دن تھا: شہباز شریفNode ID: 764016
’ہم وکلا، ڈاکٹروں، مزدوروں اور علما سمیت ہر طبقے کو احتجاج میں شمولیت کی دعوت دے رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ دور دراز اضلاع کے کارکن اتوار کی شام کو ہکلہ کی جانب سفر شروع کریں گے تاکہ کل وقت پر اسلام آباد پہنچ سکیں۔
جے یو آئی خیبر پختونخوا کے صوبائی امیر مولانا عطا الرحمان کا کہنا تھا کہ قافلوں کی حفاظت کے لیے انصار الاسلام کے ایک ہزار رضاکار تعینات کیے گئے ہیں جو قائدین کی سکیورٹی بھی سرانجام دیں گے۔
اسلام آباد میں احتجاج کب تک کیا جائے گا؟
اردو نیوز کے سوال پر مولانا عطا الرحمان نے موقف اپنایا کہ ’اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے سے متعلق سے کچھ کہنا قبل ازقت ہوگا ہمیں نہیں معلوم کہ کتنے دن وہاں رکنا پڑ جائے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’کارکن احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنے ساتھ خشک میوہ جات، پانی اور کپڑے ساتھ لائیں، امکان ہے کہ ہمیں کچھ دن وہاں ٹھہرنا پڑ جائے۔‘
مولانا عطا الرحمان نے بتایا کہ ’سپریم کورٹ کے ججوں کے رویے کے خلاف پرامن احتجاج ہو گا۔ ہم پرتشدد مظاہروں کی حمایت کرتے ہیں نہ ہی ریاستی اداروں پر حملے ہماری سیاست کا حصہ ہے۔‘
اُدھر پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپ ختونخوا کے صوبائی ترجمان امجد آفریدی نے اردو نیوز کو بتایا کہ کل پیپلزپارٹی کے تمام کارکن پی ڈی ایم کے احتجاج میں شریک ہوں گے۔
