Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
جمعرات ، 24 جولائی ، 2025 | Thursday , July   24, 2025
جمعرات ، 24 جولائی ، 2025 | Thursday , July   24, 2025

سری لنکا کی پاکستان کو چڑیا گھروں کے لیے ہاتھی دینے کی تردید

دو دن قبل کراچی کے چڑیا گھر میں ’نور جہاں‘ نامی ہتھنی طویل بیماری کے بعد انتقال کر گئی تھی۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
لاہور میں سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستان کو دو ہاتھی تحفے میں دینے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
پیر کو ایک ٹویٹ میں یاسین جوئیہ کا کہنا تھا کہ ’واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میں نے سری لنکا حکومت کی جانب سے پاکستان میں تحفے میں دو ہاتھی دینے سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔‘
لاہور میں سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل کا بیان کراچی میں’نور جہاں‘ نامی ہتھنی کی ہلاکت کے دو دنوں بعد سامنے آیا ہے۔
یاسین جوئیہ کا اپنی ٹویٹ میں مزید کہنا تھا کہ ’سری لنکا کی حکومت پہلے ہی اپنے ملک سے جانوروں کو کسی بھی دوسرے ملک منتقل کرنے پر پابندی لگا چکی ہے۔‘
اس سے قبل متعدد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے یاسین جوئیہ سے منسوب کرکے ایک بیان چلایا جا رہا تھا کہ سری لنکا کی حکومت پاکستان کو دو ہاتھی تحفے میں دے گی جنہیں کراچی اور لاہور کے چڑیا گھر منتقل کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا صارفین ان خبروں سے سخت ناراض تھے اور سری لنکا کو پاکستان جانور نہ بھیجنے کا مشورہ دے رہے تھے۔
پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمیشن نے بھی ٹوئٹر پر کہا کہ یاسین جوئیہ نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔
ایک ٹویٹ میں سری لنکا کے ہائی کمیشن کا کہنا تھا کہ ’سری لنکا کا ہائی کمیشن کراچی اور لاہور کے چڑیا گھروں کو ہاتھی فراہم کرنے سے متعلق بات چیت کی خبروں کی تردید کرتا ہے۔‘

شیئر: