Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025
پیر ، 09 جون ، 2025 | Monday , June   09, 2025

سعودی عرب اور ایران کا پروازیں بحال اور شہریوں کو ویزے میں سہولت پر اتفاق

سعودی عرب اور ایران نے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے اور شہریوں کو ویزے کی سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعرات کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے۔
چینی وزیر خارجہ کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور ایرانی وزیر خارجہ عامر عبدالہیان نے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے مشترکہ بیان جاری کیا۔
پروازوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ معاہدے میں دونوں ممالک کی تہران اور ریاض میں سفارت خانے کے ساتھ ساتھ مشہد اور جدہ میں قونصل خانوں کھولنے کی تفصیلات شامل ہیں۔ جبکہ پروازوں اور عمرہ ویزوں کی بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات بحال کرنے پر بھی متفق ہوگئے تھے جس کے ساتھ حکام اور نجی وفود کے دوروں کا آغاز کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کا دائرہ کار کو توسیع دینے کے لیے بیجنگ معاہدے کو فعال کرنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ خطے میں استحکام اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ 
تعلقات بحال کرنے کے معاہدے پر سعودی قومی سلامتی کے مشیر مسعید بن محمد العبیان اور ایران کے اعلی سکیورٹی عہدیدار علی شمخانی نے دستخط کیے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے چین کی جانب سے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہا۔
سعودی وزیر خارجہ اور ان کے ایرانی ہم منصب نے مشترکہ مفادات کے حصول اور خطے اور دنیا میں امن کے قیام کے طریقوں پر گفتگو کی۔
بیجنگ میں ملاقات کے بعد سعودی وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کو دوبارہ ریاض کے دورے کی دعوت دی تاکہ ریاض میں دوطرفہ ملاقات کی جا سکے۔

شیئر: