ریاض .... سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل بنی ہوئی ہے اس میں قطیف کی ایک شیعہ خاتون کو ایرانی چینل نبا سے رابطہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ام محمد ایرانی چینل پر خفگی کا اظہار کررہی ہے۔ اسکا کہنا ہے کہ آپ لوگ اہل قطیف کے بارے میں من گھڑت کہانیاں پیش کررہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ یہاں ہم سب لوگ آل سعود کے زیر اقتدار چین و سکون سے رہ رہے ہیں۔ آپ لوگوں کے یہ دعوے کہ ہم مصیبت میں ہیں سراسر جھوٹ ہیں۔ ام محمد نے یہ بھی کہا کہ یہ سچ ہے کہ مملکت میں بعض شیعہ دہشتگردی کررہے ہیں۔ ام محمد نے اناﺅنسر خاتون کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جھوٹی ہیں اور افواہیں پھیلانے پر یقین رکھتی ہیں۔سعودی حکومت نے ہمارے ساتھ کوئی کوتاہی نہیں کی۔ ہمیں باوقار زندگی کے اسباب مہیا کررکھے ہیں۔ قطیف کے علاقے میں چند روز قبل دہشتگردانہ حملہ ہوا تھا جس سے ایک پاکستانی کارکن اور 2سالہ سعودی بچہ جاں بحق اور 10افراد زخمی ہوئے تھے۔