پشاور... پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر زرداری نے کہا ہے کہ حکمران غلط فہمی میں ہیں کہ پنجاب میں جگلا بسیں، ٹرینیں اور سڑکیں بنانے سے ووٹ ملیں گے اور وہ حکومت بنا لیں گے۔ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ اس مرتبہ دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔ ہر حلقے میں ووٹ کے لئے جنگ لڑیں گے ۔نتائج سامنے آنے تک پولنگ اسٹیشنوں سے نہیں ہٹیں گے۔پشاور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں کہ دوبارہ موقع ملا تو جس طرح پختونوں کو خیبر پختونخوا کا تحفہ دیا اسی طرح فاٹا کو خیبر پختونخوا سے ملائیں گے۔ زرداری نے کہاکہ ہمسائے ہمارے دوست ہیں۔ ان سے دوستی ہونی چاہیئے لیکن نواز شریف کی سوچ امریکا کی سوچ ہے۔خطے میں پہلے گرمی پیدا کی جاتی ہے پھر جنگیں کرائی جاتی ہیں لیکن ایسا نہیں ہونے دیں گے۔سابق صدر نے کہا کہ پاکستان کے کونے کونے میں جا کر بھرپور انتخابی مہم چلاوں گا۔پاکستان میں زندگی ڈرکر نہیں جی سکتے۔ بڑھ چڑھ کر سیاست کریں گے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت سے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہو رہے۔نئے کرنسی نوٹ چھاپے جا رہے ہیں ۔قر ضے لئے جا رہے ہیں۔ حکمران سمجھتے ہیں کہ مغل سلطنت قائم رہے گی۔