ریاض: رونالڈو کی پارٹنر جورجینا روڈریگز پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف
رونالڈو کے النصر کلب کے ساتھ معاہدے کے بعد سے جورجینا ریاض میں ان کے ساتھ مقیم ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پرتگال کے سپرسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی پارٹنر جورجینا روڈریگز سعودی عرب میں کسی پروجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق پیر کے رات فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر جورجینا روڈریگز نے اپنی پوسٹ میں پروجیکٹ کی شوٹنگ کی تصاویر شیئر کیں۔
جورجینا روڈریگز نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’شوٹنگ کا دن۔‘
سعودی دارالحکومت ریاض میں موجود فٹ بالر کی پارٹنر نے اپنے پروجیکٹ کے بارے میں کوئی تفصیل شیئر کی نہ ہی اس کا نام بتایا۔
تاہم انسٹاگرام پر پوسٹ میں انہیں سُرخ رنگ کا لباس اور سکارف پہنے دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مگرمچھ کی کھال کے بنے ہوئے ہینڈ بیگ، چمکتی دمکتی گھڑی اور ہیرے کی انگوٹھی کی بھی تصویر اپلوڈ کی۔
اس سے قبل 2022 میں جورجینا روڈریگز آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر شو ’آئی ایم جورجینا‘ میں بھی نظر آئی تھیں جو کہ ان کی روزمرہ کی زندگی پر بنایا گیا تھا۔
نیٹ فلکس شو آئی ایم جورجینا کا دوسرا سیزن 24 مارچ کو ریلیز کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پرتگالی سپرسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑنے کے بعد گذشتہ سال دسمبر میں سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصر سے معاہدہ کیا تھا۔
دسمبر 2022 میں سعودی النصر فٹ بال کلب سے معاہدے کے بعد ان کی فیملی بھی رواں سال جنوری سے مملکت میں رہائش پذیر ہے۔