پشاور..سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکمراں خیبر پختونخوا پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں،ایسا نہیں ہونے دینگے ۔پشاور میں پارٹی رہنماوں سے خطاب اور اے این پی رہنما غلام احمد بلور سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ جمہوریت کی خاطر آر او الیکشن قبول کیا لیکن اب جمہوری، غیر جانبدارانہ اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔ الیکشن میں 8 یا 9 ماہ باقی رہ گئے۔ حکومت نے ایک ہفتے کے اندر انتخابی اصلاحات نہ کیں تو عدالت جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی غیر جمہوری قوتوں سے جنگ جاری رہے گی۔ جب غریب کے حالات بہتر ہوں گے تو پاکستان کے حالات بہتر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک سے تعلقات بہتر بنائے جائیں۔حکومت سے تینوں بارڈر سنبھالے نہیں جا رہے۔ قطر سے 4 گنا مہنگی گیس لا رہے ہیں لیکن ہمسائے سے سستی گیس لینے کو تیارنہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بنی بنائی سڑک کو دوبارہ بنانے کیلئے 20 ملین روپے لگائے جا رہے ہیں۔یہ پیسہ فاٹا پر کیوں نہیں لگاتے؟۔