امارات میں ایک گرام سونے کے نرخ 3.75 درہم تک بڑھ گئے
نرخوں میں اضافے سے زیورات کے نئے سیٹس کی طلب کم ہوگئی ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی اور شارجہ کی گولڈ مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں رواں ہفتے مختلف قیراط کے ایک گرام سونے کے نرخوں میں 3.75 درہم کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق جیولری شوروم کے مالکان کا کہنا ہے کہ سونے کے نرخوں میں اضافے سے زیورات کے نئے سیٹس کی طلب کم ہوگئی ہے۔
سیاحوں نے بھی زیورات کی خریداری کم کی۔ سب سے زیادہ اثر دبئی گولڈ مارکیٹ پر دیکھنے میں آیا ہے۔
دبئی میں ایک جیولری شو روم کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے سونے کے نرخوں میں کمی سے زیورات کی طلب بڑھ گئی تھی۔ رواں ہفتے سونا مہنگا ہونے پر طلب کم ہوئی ہے۔
سونے کے سکوں کی مارکیٹ کساد بازاری کا شکار ہونے لگی ہے۔
ایک اور شو روم کے منیجر کا کہنا ہے کہ ان دنوں زیادہ تر زیورات کی خریداری ہو رہی ہے۔ خریداروں میں سیاح بھی نظر آ رہے ہیں تاہم مقیم غیرملکیوں نے زیورات کی خریداری روک دی ہے۔ ممکن ہے آئندہ ایام کے دوران سونے کے نرخ کم ہونے پر تارکین وطن زیورات کی خریداری میں دلچسپی بڑھے۔
امارات کی گولڈ مارکیٹ میں24 قیراط ایک گرام سونا 223.75 درہم میں دستیاب ہے۔ گزشتہ ہفتے کے آخر کے مقابلے میں 3.75 درہم فی گرام اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح 22 گرام ایک گرام سونا 207.25 درہم میں فروخت کیا جا رہا ہے. اس میں 3.05 کا اضافہ ہوا ہے جبکہ 21 قیراط ایک گرام سونا 3.25 درہم اضافے سے 200.05 درہم ،18 گرام ایک قیراط تین درہم اضافے کے بعد اب 172 درہم میں دستیاب ہے۔