جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹر یٹ جنرل جوازات کے ترجمان کرنل طلال شلہوب نے کہا ہے کہ " غیر قانونی تارکین سے خالی وطن " مہم کے آغاز سے 7مئی تک عمرہ ، حج اور وزٹ ویزے کی خلاف ورزی کرنے والے 32 ہزار سے زائد تارکین اپنے ملکوں کو روانہ ہو چکے ہیں ۔ اردونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل شلہوب نے مزید کہا کہ حکومت سعودی عرب کی جانب سے دی جانے والی 90 روزہ مہلت کے دوران جانے والوں میں مذکورہ بالا تارکین وہ ہیں جن کے پاس سفری دستاویزی ثبوت تھے یا ان کے فنگر پرنٹس جوازات کے سسٹم میں فیڈ تھے جو براہ راست مختلف شہروں کے ائیر پورٹ اور سرحدی چوکیوں سے اپنے ملکوں کو روانہ ہوگئے ۔ محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے مختلف شہروں میں قائم ڈیپورٹیشن سینٹر( شعبہ ترحیل ) میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیںجہاں غیر قانونی تارکین وطن کے ایگزٹ لگائے جارہے ہیں ایسے تارکین جو عمرہ ، حج، وزٹ یا ٹرانزٹ ویزے پر آکر غیر قانونی طور پر مملکت میں ٹھہر گئے ہیں انہیں چاہئے کہ مہلت سے فائدہ اٹھائیں اور جلد از جلد اپنے ملکوں کو روانہ ہو جائیں ۔ 3 ماہ کی مہلت سے مستفیض ہونے والوں پر کسی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا جارہا نہ ہی انہیں آئندہ کیلئے بلیک لسٹ کیا جائے گا ۔ مہلت کے دوران ایسے تارکین جنہوں نے اپنے سفر کے مراحل متعلقہ ڈیپورٹیشن سینٹر سے مکمل کر لئے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ فوری طور پر اپنے ملکوں کو روانہ ہوجائیں ۔ ایسے غیر قانونی تارکین جو مہلت سے استفادہ کرتے ہوئے سفری دستاویز مکمل کروا کر اپنے ملک روانہ ہونے کے بجائے کام کرتے ہوئے پکڑے جائیں گے تو ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں مہلت کے حوالے سے دی جانے والی مراعات ختم کر دی جائیگی ۔ ان تارکین کا شمار قانون شکنوں میں کیا جائے گا جنہیں قید اور جرمانے کی سزا کے علاوہ مملکت میں بلیک لسٹ بھی کیاجائیگا۔ ایک سوال پر کرنل طلال شلہوب کا کہنا تھا کہ غیر قانونی تارکین کو دی جانے والی مہلت کے دن تیزی سے ختم ہو رہے ہیں ۔ تارکین کو چاہئے کہ وہ جلد ازجلد سفری دستاویزات مکمل کر لیں تاکہ مہلت سے درست معنوں میں مستفیض ہوسکیں ۔