ممبئی۔۔۔۔4ماہ کی بچی وڈیشہ کے دل کا 12گھنٹے تک آپریشن ہوتا رہا اور اس کے بعد اسے دل کے 6دورے بھی پڑے لیکن اب اس کی صحت بہتر ہورہی ہے۔پیدائش کے وقت سے اس کے دل میں نقص تھا۔ اب آئندہ 2دنوں میں اسے اسپتال سے رخصت کردیا جائے گا وہ تقریباً 2ماہ اسپتال میں رہی۔اسپتال کا خرچ 5لاکھ روپے تھا جبکہ اس کے والدین صرف 25ہزار روپے دینے کی استطاعت رکھتے تھے۔ اسپتال کے مختلف ڈونرز نے بل ادا کردیا۔اس کی والدہ کا کہنا ہے کہ بچی جب 45دن کی تھی تو اس نے دودھ پینے کے بعد قے کردی اور بیہوش ہوگئی۔ ہم نے اسے ہلایا تو وہ ہوش میں آگئی۔ مقامی نرسنگ ہوم لیکر گئے تو انہوں نے فوری اسپتال جانے کیلئے کہا ۔ہاں جاکر پتہ چلا کہ اس کے دل میں بہت بڑا نقص ہے اس کے آپریشن کی ضرورت ہے۔12گھنٹے تک آپریشن ہوتا رہا تاہم اس کے پھیپھڑے کمزور تھےجس کا بھی علاج ہوتا رہا۔ اسپتال میں رہتے ہوئے اسے دل کے6دورے پڑے تاہم اب اس کی حالت بہترہے۔